• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ رخ خان کا تامل فلم انڈسٹری کیساتھ کام کرنے کا تجربہ کیسا رہا؟

شاہ رخ خان، فائل فوٹو
شاہ رخ خان، فائل فوٹو 

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے تامل فلم انڈسٹری کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

شاہ رخ خان نے گزشتہ روز چنئی کے سائی رام انجینئرنگ کالج میں اپنی نئی فلم ’جوان‘ کی آڈیو لانچ کی تقریب میں شرکت کی۔ 

اُنہوں نے اس موقع پر اپنی فلم ’دل سے‘ کی شوٹنگ کے دوران تامل فلم انڈسٹری کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربے کے بارے میں بات کی۔

اُنہوں نے بتایا کہ مجھے اپنے فلمی کیریئر کے آغاز پر بہت جلد ہی اس بات کا احساس ہوگیا تھا کہ تمل ناڈو کچھ بہترین فلموں کا گھر ہے اور میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے منی رتنم اور سنتوش سیون سے دوستی کرنے کا موقع ملا۔

شاہ رخ خان نے کہا کہ میں یہاں اپنی فلم ’دل سے‘ کی شوٹنگ کے لیے آیا تھا جو کہ ایک تامل فلم انڈسٹری کے ساتھ کام کرنے کا میرا پہلا تجربہ تھا اور پھر فلم کے گانے’چھیاں چھیاں‘کی شوٹنگ میں کمال ہاسن سے ملا اور ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ 

اُنہوں نے بتایا کہ کمال ہاسن کے ساتھ ’ہے رام‘ نامی فلم میں کام کیا اور وہ پہلا اور آخری موقع تھا جب میں نے تامل زبان بولی۔

شاہ رخ خان نے بتایا کہ پھر رجنی کانت جیسے مشہور انسان نے میری فلم  ’را- ون‘ میں کام کیا اور میری ان سے بھی دوستی ہوگئی۔

اُنہوں نے  سائی رام انجینئرنگ کالج میں اپنی فلم کی آڈیو لانچ کے لیے منعقد کی گئی شاندار تقریب کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں ابھی تک واقعی فلم کے لیے اس طرح کی کسی اور تقریب میں شرکت نہیں کی۔

اُنہوں نے کہا کہ میں آج  تامل فلم انڈسٹری اور کالج کے تمام طلباء کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے دور دراز سے یہاں تک پہنچنے کے لیے سفر کیا ہے۔

شاہ رخ خان نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ میں تامل ناڈو کے غیر معمولی اور عالمی معیار کے فلم سازوں اور پوری تامل فلم انڈسٹری کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ اُنہوں نے مجھے اتنی عزت دی۔

واضح رہے کہ تامل فلموں کے معروف ڈائریکٹر ایٹلی کی ہدایتکاری میں بننے والی شاہ خان کی ایکشن اور تھرل سے بھرپور فلم ’جوان‘ اگلے ماہ 7 ستمبر کو ریلیز ہونے والی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید