صوبہ پنجاب کے شہر لاہور سے تعلق رکھنے والے حافظ محمد ولید ملک نے گزشتہ سال ایم بی بی ایس کی تعلیم حاصل کرنے کے دوران 29 گولڈ میڈل جیت کر ریکارڈ قائم کیا تھا۔
حافظ محمد ولید ملک کی ایم بی بی ایس کی ڈگری 2022ء کے دسمبر میں ختم ہوئی تھی جبکہ کچھ ماہ قبل انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر ملازمت نہ ملنے سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے کرپٹ سسٹم کا شکوہ کیا تھا۔
اُن کا رواں سال جون کے ماہ میں کہنا تھا کہ میرٹ پر جاب ملنا ناممکن سی بات ہے، وہ تاحال بے روز گار ہیں۔
حال ہی میں ڈاکٹر ولید ملک نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاب ملنے سے متعلق خوشخبری شیئر کی ہے۔
29 گولڈ میڈل جیت کر اپنی مثال آپ ریکارڈ قائم کرنے والے ڈاکٹر ولید ملک نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا ہے کہ ’اللّٰہ پر بھروسہ رکھو، وہ تمہاری رہنمائی کرے گا اور تم پر اپنی رحمتیں برسائے گا، الحمدللّٰہ، ایک نئے باب کا آغاز کر رہا ہوں۔‘
گزشتہ روز انہوں نے اپنی ایک انسٹاگرام اسٹوری پر بھی جاب ملنے سے متعلق بات کی ہے، اُن کا لکھنا تھا کہ بہت سارے لوگ میری ملازمت سے متعلق پوچھ رہے ہیں۔
ڈاکٹر ولید نے بتایا ہے کہ ’میں سرکاری نہیں پرائیویٹ اسپتال میں کام کر رہا ہوں اور ہاں میں تاحال پاکستان میں ہی ہوں، مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں اور براہِ کرم مجھ سے میرے اسپتال کا نام اور تنخواہ سے متعلق سوال کرنا بند کریں، میں اسے خفیہ رکھ رہا ہوں۔‘