کوئٹہ(پ ر)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی رہنما وسابق صوبائی وزیر ڈاکٹر عطاگل حمزہ زنی نے کہا ہے کہ عوام کی جوق در جوق شمولیت سے ظاہر ہوگیا کہ اے این پی پشتونوں کی نمائندہ جماعت ہے‘آئندہ انتخابات میں پورے بلوچستان میں کامیابی حاصل کریں گے اے این پی صوبے کی بڑی جماعت بن کر ابھرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محمد عیسیٰ حمزہ زئی،سیف اللہ حمزہ زئی، بگٹی آقا، امیرجان، عبداللہ جان حمزہ زئی،شمس اللہ حمزہ زئی ،قیام الدین، محمد جان حمزہ زئی،نسیم خان حمزہ زئی،شراف دین حمزہ زئی ودیگر کی اے این پی میں شمولیت کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے ضلعی جنرل سیکرٹری راز محمد ،اے این پی کے الیکشن کمیشن کے چیئرمین محمد ابراہیم ناصر ،مولوی عالم جان حمزہ زئی ،ملک محمد رمضان حمزہ زئی، مولوی رحمت اللہ حمزہ زئی، عماد گل کاکڑ، سجاد گل کاکڑ، شمس الدین نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر عطاء گل نے کہا کہ میختر کو ہر دور میں نظر انداز کیا گیا یہاں کے عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں جس میں اسکول، ڈسپنسری، روڈ اور صاف پانی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار عوام نے موقع دیا تو لورالائی میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کی نظریں صرف اے این پی پر ہیں۔سابقہ حکومتوں نے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا صرف اپنے مفادات کو ترجیح دی ۔ کارکن سب ڈویژن میختر کے گھر گھر جا کر پارٹی کا پیغام پہنچائیں ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومت سب ڈویژن میختراور ڈسٹرکٹ لورالائی کے لئے خصوصی پیکیج کا اعلان کریں۔ لورا لائی اور سب ڈویژن میختر کے مسائل کے حل کے لئے بھرپور کوشش کروں گا۔انہوں نے کہا کہ بہت سی اہم شخصیات سے ملاقات ہوئی ہے جو جلد اے این پی میں شمولیت کا اعلان کریں گی۔