کراچی (اسٹاف رپورٹر)نگراں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے لیاری جنرل اسپتال کا اچانک دورہ کیااور صفائی ستھرائی اور صحت کی دیگر سہولتوں کے فقدان پر ناراضی کا اظہارکیا، نگراں وزیر صحت ایمرجنسی، گائنی، آپریشن تھیٹر سمیت مختلف شعبوں میں گئے اورذمہ داریوں میں غفلت برتنے پر ایمرجنسی وارڈ کے انچارج کے خلاف کارروائی کا حکم دیا، انہوں نے کہا کہ فنڈز کی عدم دستیابی کا بہانہ بناکر ذمہ داریوں سے کسی صورت بری الزمہ نہیں ہوا جاسکتا،اسپتال کی ضروریات سے متعلق تحریری طور پر آگاہ کیا جائے انہوں نے گٹکا، پان چھالیہ، سگریٹ، نسوار کا استعمال کرنے والوں کے اسپتال میں داخلے پر پابندی لگانے کی ہدایت کی، انہوں نےلیاری میڈیکل کالج کا دورہ کرکے کالج میں زیر تعلیم طلبا سے ملاقات کی اور کالج کی جانب سے دی جانے والی تعلیم، سیکیورٹی اور دیگر سہولتوں سے متعلق معلومات حاصل کیں۔