اسلام آباد (آن لائن)ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے پاکستان پر آئی ایم ایف بیل آؤٹ پیکج کے حصول کے بدلے یوکرائن کو ہتھیاروں کی فروخت کے الزام کے حوالے سے غیرملکی ادارے کی خبر کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف مذاکرات کو کوئی اور رنگ دینا انتہائی گمراہ کن ہے، یوکرین، روس تنازع میں پاکستان انتہائی غیر جانبداری کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،پاکستان کسی بھی مرحلے پر کسی کو کوئی اسلحہ، گولہ بارود فراہم نہیں کر رہا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کی اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پر آئی ایم ایف سے کامیاب بات چیت ہوئی‘پاکستان کے لیے یہ مشکل لیکن معاشی اصلاحات کے نفاذ کا اہم آئی ایم ایف پروگرام ہے‘پاکستان کی دفاعی برآمدات ہمیشہ صارف کی انتہائی ضروریات کے ساتھ منسلک ہوتی ہیں۔ واضح رہے کہ امریکی نیوز ویب سائٹ ’دی انٹرسیپٹ میں کہا گیا کہ پاکستانی حکومت نے آئی ایم ایف معاہدے کے بدلے روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کو ہتھیار فراہم کئے ہیں۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنے بیان میں امریکی جریدے کی خبر کو ’بے بنیاد‘ اور ’من گھڑت‘ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’آئی ایم ایف کے پاکستان کے لیے عبوری معاہدے پر پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان کامیاب مذاکرات ہوئے ان مذاکرات کو کوئی اور رنگ دینا غیر مناسب ہے۔