لاہور..........پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن اور پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مشترکہ اجلاس میں کیبل آپریٹرز کے بند کیے دفاتر اور ٹیکس کی ادائیگی پر غور کیا گیا۔ پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے اعلامیے کے مطابق پی بی اے نے 30دن میں معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
پنجاب ریونیو اتھارٹی نے اس بات پر رضا مندی ظاہر کی ہے کہ گوجرانوالہ اور سرگودھا میں کیبل آپریٹرز کے بند دفاتر کھول دیے جائیں گے اور اس دوران مزید دفاتر سیل نہیں کیے جائیں گے۔ اجلاس میں پی بی اے کے ایگزیکٹو ڈائرکٹر محمد علی بٹ اور پنجاب ریونیو اتھارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر راحیل احمد صدیقی نے شرکت کی۔
معاملے کے حل کے لیے پی بی اے اور پنجاب ریونیواتھارٹی کا ائندہ اجلاس 15جنوری کو ہوگا، جس میں کیبل آپریٹرز کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔