پشاور(نیوزرپورٹر) چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس محمد ابراہیم خان نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈیرہ کے فیصلے پر تنقید کرنے والے ڈی ایس پی کو فاضل جج سے معافی مانگنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے توہین عدالت کیس سما عت 25ستمبر تک کےلئے ملتوی کردی ۔ ایڈوکیٹ جنرل عامر جاوید ، آئی جی جی پی کے وکیل سید عبدالفیاض اور ڈی ایس پی عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے استفسار کیا ڈی ایس پی نے عدالتی فیصلے پر سوشل میڈیا اکاونٹ سے کیوں تنقید کی ؟ ایڈوکیٹ جنرل نے کہا ڈی ایس پی غیر مشروط معافی کیلئے تیار ہیں اور اپنے آپ کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتا ہے ،اس کی معافی کو قبول کیا جائے چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ وہ ایڈیشنل سیشن جج سے اس اقدام پر معافی مانگیں تب ہی ان کو کیس سے ڈسچارج کیا جائے گا ،ڈی ایس پی کے وکیل نے کہاوہ فاضل جج کے روبرو پیش ہو کر معافی مانگ لیں گے ،ایڈوکیٹ جنرل نے کہا محکمانہ طور پر ڈی ایس پی کو آر پی او نے چارج شیٹ بھی کیا ہے کہ کس طرح اس نے عدالتی فیصلے پر تنقید کی ۔