• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا کے ڈگری کالجز میں سٹوڈنٹس ای اٹینڈنس سسٹم کا آغاز

پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا کے محکمہ اعلیٰ تعلیم نے شعبہ تعلیم میں ڈیجیٹائزیشن کے عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے صوبے کے ڈگری کالجز میں سٹوڈنٹس ای اٹینڈنس سسٹم متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت والدین گھر بیٹھے اپنے بچوں کی کالج حاضری سے باخبر رہ سکیں گے۔صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم و بلدیات مینا خان آفریدی نے گورنمنٹ ڈگری کالج پشاور میں سٹوڈنٹس ای اٹینڈنس سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا اور زونگ ٹیلی کام کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔ تقریب میں سیکرٹری اعلیٰ تعلیم، ڈائریکٹر اعلیٰ تعلیم، زونگ ٹیلی کام کے نمائندگان، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر مینا خان آفریدی نے کہا کہ ای اٹینڈنس سسٹم کے ذریعے والدین کو ان کے بچوں کی حاضری کے بارے میں ایس ایم ایس کے ذریعے بروقت آگاہ کیا جائے گا۔ والدین کو یہ بھی معلوم ہوسکے گا کہ ان کا بچہ کس کلاس میں حاضر یا غیر حاضر رہا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ ڈیجیٹل نظام سے نہ صرف طلبہ کی حاضری کی نگرانی ممکن ہوگی بلکہ والدین اور تعلیمی اداروں کے درمیان رابطہ بھی بہتر ہوگا۔مینا خان آفریدی نے کہا کہ محکمہ اعلیٰ تعلیم میں ای ٹرانسفر سسٹم پہلے ہی متعارف کرایا جا چکا ہے، جبکہ صوبے کی جامعات کے لیے رینکنگ نظام بھی شروع کیا گیا ہے۔
پشاور سے مزید