پشاور ( لیڈی رپورٹر)سرحد چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی نے سابقہ فاٹا اور پاٹا کے علاقوں میں ٹیکسوں کے نفاذ کی مخالفت کرتے ہوئے حکومت سے فیصلے پر نظر ثانی کرکے فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور طورخم بارڈر کی طویل بندش اور اس کے نتیجے میں سرحد پار تجارت، کاروبار اور صنعتوں پر پڑنے والے اثرات کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کیا اور حکومت و متعلقہ حکام سے دوطرفہ تجارت اور قومی معیشت کے بہترین مفاد میں اس فیصلے پربھی نظر ثانی کرنے کا مطالبہ کیا۔تفصیلات کے مطابق، گزشتہ روز صدر جنید الطاف کی زیر صدارت ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس چیمبر ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں معمول کے امور، قانونی و آئینی معاملات کے ساتھ ساتھ طویل بارڈر بندش، تجارت، ایکسپورٹ سے جڑے حائل رکاوٹوں/مسائل اور سابقہ فاٹا اور پاٹا پر ٹیکسوں کے نفاذ جیسے معاملات تفصیلی طور پر زیر بحث لائے گئے اور مختلف اہم نکات پر باہمی مشاورت اور رہنمائی کے ذریعے باقاعدہ منظوری دی گئی۔