• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مارچ 2027 سے 9th سے 12th تک قومی نصاب پاکستان 2026 پڑھانے کا فیصلہ

پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر پختونخوا حکومت نے اگلے تعلیمی سیشن مارچ 2027 سے نویں سے 12ویں جماعت تک قومی نصاب پاکستان 2026 پڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے اس سلسلے میں ڈائریکٹوریٹ آف کریکولم اینڈ ٹیچرز ایجوکیشن نے قومی نصاب 2026 نوٹیفائی کرتے ہوئے ٹیکسٹ بک بورڈ سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے جبکہ ٹیکسٹ بورڈ کو کتابوں پر نظرثانی کرتے ہوئے انہیں قومی نصاب پاکستان (این سی پی) کے مطابق موجودہ پالیسی اور قواعد وضوابط کے تحت چھپوانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ یاد رہے کہ خیبر پختونخوا میں 20 سال بعد نیا نصاب اپنانے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں اس وقت 2006 کے قومی نصاب کے مطابق کورس پڑھایا جا رہا ہے۔ڈائریکٹوریٹ آف کریکولم کے اعلامیہ کے مطابق نئی کتب ابھرتے ہوئے رجحانات، مہارت اور قومی وطلبہ ضروریات کے مطابق ہوں گی جن میں طلبہ کو مہارتیں سکھانے اور وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ کورس شامل ہوگا۔ نصاب نویں سے 12ویں جماعت تک انگلش، اردو، ریاضی، کمپیوٹر سائنس، کیمسٹری، بیالوجی، فزکس اور جنرل سائنس صرف نویں اور 10ویں جماعت کے لئے ہے آئندہ تعلیمی سیشن سے طلبہ کو نئی کتب پڑھائی جائیں گی جو موجودہ کتب کے مقابلے میں کم مگر جامع اور ریشنلائز ہوں گی۔ اعلامیہ کے بورڈز قومی نصاب 2026 کے مطابق امتحانات لیں گے سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے نئے نصاب کی پیروی کریں گے، نجی تعلیمی ادارے قومی نصاب 2026 کے مطابق کتب چھپوانے کے لئے ڈائریکٹوریٹ آف کریکولم اینڈ ٹیچرز ایجوکیشن سے این او سی لیں گے۔
پشاور سے مزید