• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹک ٹاکر شفاقت خان نے جاپان میں قید پاکستانیوں کی دکھ بھری داستان سنا دی

ٹک ٹاک اسٹار شفاقت خان—فائل فوٹو
ٹک ٹاک اسٹار شفاقت خان—فائل فوٹو 

جاپان کی معروف سماجی شخصیت اور ٹک ٹاک اسٹار لالہ شفاقت خان کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام غیر قانونی طریقے سے جاپان آنے سے گریز کریں۔

لالہ شفاقت خان نے ’جنگ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس وقت بھی بہت سے پاکستانی جاپان کی امیگریشن جیل میں مشکل زندگی گزار رہے ہیں۔

اُنہوں نے بتایا کہ میں اکثر جاپان کی امیگریشن کے حراستی مراکز میں جاتا رہتا ہوں اور وہاں قید غیر قانونی طریقے سے جاپان میں داخل ہونے والے پاکستانیوں سے ناصرف ملاقاتیں کرتا ہوں بلکہ ان کی مدد بھی کرتا ہوں اور ان کی حالتِ زار سے بھی واقف ہوں۔

 لالہ شفاقت خان نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان سے باہر جانے کے لیے ایجنٹ معصوم پاکستانیوں سے 40 لاکھ روپے تک وصول کر رہے ہیں۔

اُنہوں نے بتایا کہ ہمارے پاکستانی بھائی اپنا سب کچھ بیچ کر اور ادھار قرض لے کر ملک سے باہر جانے کے لیے تیار رہتے ہیں جس کا ایجنٹ مافیا فائدہ اٹھاتے ہیں۔

 لالہ شفاقت نے بتایا کہ اس وقت جاپان کے حراستی مراکز میں قید پاکستانی اپنی زمین اور اپنا گھر بیچ کر ایجنٹ مافیا کے ذریعے جاپان پہنچے جہاں جعلی ویزا ہونے پر انہیں گرفتار کر لیا گیا، حکومتف پاکستان سے گزارش ہے کہ وہ ایجنٹ مافیا کے خلاف سخت اقدامات کرے۔

 دوسری جانب اُنہوں نے ٹک ٹاک پر اپنی شہرت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پردیس میں اپنوں سے دور رہ کر ٹک ٹاک اچھی مصروفیت ہے اور میرے زیادہ تر فالوورز جاپانی شہری ہیں تو میں چاہتا ہوں کہ جاپان میں پاکستان کے حوالے سے اپنی شناخت بناؤں۔

لالہ شفاقت خان نے بتایا کہ میں ٹک ٹاک پر مختلف قسم کی ویڈیوز بنا کر شیئر کرتا ہوں جنہیں جاپانی عوام بہت پسند کرتے ہیں، میری زیادہ تر ویڈیوز میں پاکستان کے حوالے سے معلومات ہوتی ہیں جو جاپانی شہریوں کو بہت پسند آتی ہیں۔

خاص رپورٹ سے مزید