راولپنڈی(اے پی پی)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے ملک کی ترقی و استحکام اور امن کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو بڑھانا ہوگا، پاک فوج خیبرپختونخوا کی ترقی اور استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی تاکہ معاشی ترقی کی رفتار کو بڑھایا جاسکے۔ آرمی چیف نے بدھ کو اپنے دورہ پشاور میں خواتین سمپوزیم اور صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے خواتین سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کی خواتین نے دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ کے باعث بے شمار چیلنجز کا سامنا کیا اور ان تمام تر چیلنجز کے باوجود پختہ عزم اور بہادری کا ثبوت دیا۔ دریں اثناء آرمی چیف نے صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔