کراچی( اسٹاف رپورٹر )جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انٹرنیٹ کی بندش کے باعث امیگریشن میں مسافروں کی قطاریں لگ گئیں۔سسٹم 3گھٹے تک بند رہنے کے نتیجے میں5پروازوں کے مسافروں کا امیگریشن ڈیٹا سافٹ وئیر میں اپ لوڈ نہ ہوسکا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق کراچی ائیر پورٹ پر جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب 3بجے کے قریب انٹرنیٹ کی بندش کے باعث امیگریشن کائونٹرز پر قطاریں لگ گئیں۔حکام کے مطابق ائیر پورٹ پر فائبر آپٹک کے کٹ جانے سے انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی جسکے بعد سسٹم کو مینویل طور پر چلایا گیا اور مسافروں سے پاسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات کی فوٹو کاپیاں لیکر انہیں سفر کی اجازت دی گئی۔سسٹم کی بندش کے باعث ائیر پورٹ لاؤنج میں موجود فوٹو اسٹیٹ مشینوں پر لمبی قطاریں لگ گئیں جس وجہ سے پروازوں کی روانگی میں تاخیر بھی ہوئی۔ایف آئی اے امیگریشن حکام کے مطابق 5 پروازوں کے مسافروں کو مینوئل طریقے سے کلئیر کیا گیا۔بعد ازاں مسافروں کو جانے کی اجازت دی گئی جب کہ حکام کا دعویٰ ہے کہ امیگریشن سسٹم کی بندش سے ای سی ایل، اسٹاپ لسٹ اور دیگر لسٹ میں شامل کوئی ملزم بھی کلئیر نہیں کیا گیا ہے اور ان فہرستوں میں شامل مسافروں کے ڈیٹا سے چیک کر لیا گیا تھا۔حکام کے مطابق فائبر آپٹک کے کٹنے کے بعد انٹرنیٹ ڈیوائس کے ذریعے بعد ازاں سسٹم کو چلایا گیا اور تاحال سسٹم ڈیوائس کے ذریعے ہی چلایا جا رہا ہے۔حکام کے مطابق سول ایوی ایشن حکام اور آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کو رپورٹ کر دی گئی ہے،امید ہے کہ فائبر آپٹک جلد ٹھیک کر دی جائے گی تاہم ایف آئی اے حکام کا دعویٰ ہے کہ پروازوں میں تاخیر نہیں ہوئی ہے۔