کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جھالاوان عوامی پینل کے زیراہتمام وڈھ کی صورتحال اور بلوچستان میں بیرونی مداخلت کے خلاف ہفتہ کو مرکزی رہنماء ندیم الرحمنٰ بلوچ کی قیادت میں ریلی نکالی اور کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا ۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ندیم الرحمٰن بلوچ اور دیگر نے کہا کہ وڈھ کے حالات کو جان بوجھ کر خراب کیا جارہا ہے تاکہ سیاسی مخالفین اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرسکیں ۔ انہوں نے صاحب خان کے قتل کی مذمت کی اور کہا کہ بلوچستان میں بیرونی مداخلت کو دوام دیتے ہوئے حالات کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ وڈھ کے حالات خراب کرکے غریب لوگوں پر عرصہ حیات تنگ کیا جارہا ہے ۔ بازار بند کرکے ان سے منہ سے نوالہ چھینا جارہا ہے ۔ لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قائد جھالاوان عوامی پینل نے ہمیشہ حق و سچ کا ساتھ دیتے ہوئے لوگوں کے حقوق اور تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے ۔