کراچی( ثاقب صغیر /اسٹاف رپورٹر )ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے انعامی لاٹری اسکیم کا لالچ دیکر پاکستانی اور بیرون ملک شہریوں کے بینک اکاؤنٹس کا ڈیٹا چوری کر کے رقم ہتھیانے والے گروہ کے 4کارندوں کو گرفتار کر لیا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان آن لائن فنانشل فراڈ لاٹری اسکیم میں ملوث ہیں۔ملزمان غیر قانونی کال سینٹر چلا رہے تھے جہاں سے وہ ملکی اور بیرون ملک شہریوں کو ہزاروں یوروز،درہم اور پاکستانی روپے میں لاٹری نکلنے کا لالچ دیتے تھے۔حکام کے مطابق ملزمان اوڈھ قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں جو گلشن معمار اور کنیز فاطمہ سوسائٹی گلزار ہجری سے غیر قانونی کال سینٹر جنھیں انکی زبان میں "سرکہ" کہا جاتا ہے چلا رہے تھے ۔ملزمان کال سینٹر سے "اسپوف کالز" کے ذریعے ملکی اور غیر ملکی شہریوں کے بینک اکاؤنٹس کا قیمتی ڈیٹا چوری کرتے تھے اور چرائے گئے ڈیٹا کو اپنے غلط مقاصد کے لئیے استعمال کرتے تھے۔ملزمان پاکستانی،سعودی،کویتی اور متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے optp (او پی ٹی پی ) حاصل کر کے فراڈ کے ذریعے حاصل کی گئی رقم انٹرنیٹ بینکنگ کے ذریعے منتقل کرتے تھے۔ملزمان آن لائن ایپلیکیشن " فرینڈز سرچ فار واٹس ایپ" کے ذریعے واٹس ایپ پر ملکی اور غیر ملکی افراد کی کنٹیکٹ لسٹ تلاش کرتے تھے اور غیر قانونی کال سینٹر کے ذریعے کال کر کے انھیں بتاتے تھے کہ انکا لاٹری اسکیم میں ہزاروں یوروز،درہم اور پاکستانی روپوں کا انعام نکلا ہے جسکے بعد وائس اوور سافٹ وئیر کے ذریعے اسپوف کالز کر کے انکے کریڈٹ کارڈز کے ڈیٹا سمیت قیمتی مالی انفارمیشن چوری کر لیتے تھے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان کا 9 رکنی گروہ اب تک متعدد ملکی اور غیر ملکیوں سے فراڈ کر چکا ہے۔ایف آئی اے نے گلشن معمار میں واقع غیر قانونی کال سینٹر پر چھاپہ مار کر 4 ملزمان ذیشان ولد عثمان ،بہار علی ولد عبدالغنی،سلمان ولد جمعہ خان اور ادریس ولد علی شیر کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے موبائل فونز،لیپ ٹاپ اور دیگر سامان اور ڈیوائسز برآمد کی ہیں جبکہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں،گرفتار ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔