• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ مستونگ کے ملزمان کو گرفتارکرکے کیفرکردار تک پہنچایاجائے،مسلم لیگ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے سینئر نائب صدر نواب سلمان خلجی اور اقلیتی ونگ کے رہنماء نعیم سکندر کھوکھر نے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے جس میں وہ بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ سانحہ مستونگ میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزادی جائے۔یہ بات انہوں نے اتوار کی شب پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان اقلیتی ونگ کے زیراہتمام سانحہ مستونگ کے شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہاکہ مستونگ میں 12 ربیع الاوّل کے جلوس پر خودکش دھماکے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ بے گناہ اور معصوم افراد کی جانوں سے کھیلنے والے انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے اور دہشت گرد معصوم اور بے گنام افراد کو مار رہے ہیں عوام جائیں تو جائیں کہاں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سانحہ مستونگ میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا اور آئندہ اس قسم کے واقعات کے روک تھام کیلئے موثر اور عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت سانحہ مستونگ کے زخمیوں کو علا ج معالجے کی مفت سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے اور شہدا کے خاندانوں کی مالی امداد کرے ۔
کوئٹہ سے مزید