بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ نینا گپتا کو ممبئی فلم انڈسٹری میں کاسٹنگ کاؤچ سے متعلق کمنٹس پر کافی تنقید کا سامنا ہے۔
یاد رہے کہ 64 سالہ نینا گپتا نے دو برس قبل اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ نئی اداکاراؤں کو فلم میں رول دینے کے لیے ناجائز مطالبات پر کوئی مجبور نہیں کرتا، یہ مکمل طور پر اداکاراؤں پر منحصر ہوتا ہے کہ وہ کس حد سمجھوتہ کرنا چاہتی ہیں۔
بھارتی میڈیا کو 2021 میں دیے گئے اس انٹرویو کے ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نینا گپتا بالی ووڈ آنے والی نوآموز ایکٹریس کو مشورہ دے رہی ہیں کہ کوئی بھی آپ کو اپنی ناجائز خواہش کی تکمیل کے لیے مجبور نہیں کرسکتا۔
ان کا مزید کہنا تھا یہ فیصلہ آپ کو کرنا ہے کہ کس حد سمجھوتہ کرنا چاہتی ہیں، یہ بالکل سادہ سی بات ہے کہ اگر آپ انکار کردیں تو دس دوسری لڑکیاں ہاں کہنے کو تیار کھڑی ہیں۔
پھر یہ بھی ضروری نہیں کہ آپ ان کی بات مان لیں اور وہ آپ کو کوئی کردار دے دیں، ممکن ہے کہ وہ کوئی چھوٹا موٹا ایسا رول دیں کہ آپ کسی ہجوم میں کھڑی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بزنس ہے یہاں انتخاب آپ کو کرنا ہے۔
یاد رہے کہ 1980ء کے عشرے میں عہد ساز کرکٹر ویوین رچرڈز سے ان کی کافی قربت اور تعلقات رہے۔ تاہم شادی نہیں ہوئی، اس دوران دونوں کی ایک بیٹی مسابا گپتا 1989 میں پیدا ہوئیں۔
ان کے مذکورہ بالا انٹرویو پر سوشل میڈیا میں تقسیم نظر آیا، بعض صارفین نے ان کے کمنٹس کو بذات خود ایک مسئلہ قرار دیتے ہوئے انہیں آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ انہوں نے اپنے لیے موجود عزت و احترام کھو دیا۔
ایک اور صارف نے کہا کیا وہ کاسٹنگ کاؤچ کا گھریلو تشدد سے موازنہ کر رہی ہیں؟ جو خود اس قسم کی حرکتوں میں ملوث رہی ہوں انہیں اس قسم کے رجعت پسندانہ خیالات سے اجتناب برتنا چاہیے، میرے خیال میں تو یہ باتیں سن کر مسابا گپتا بھی شرمندہ ہوئی ہوں گی۔