کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی نے شہر کراچی کے لئے دودھ کی قیمت میں 20روپے فی لیٹر کا اضافہ کر دیا ہے.
شہر میں دودھ کی نئی سرکاری قیمت 200روپے فی لیٹر ہو گی ،کمشنر کراچی کی جانب سے منگل کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیری فارمرز کے لئے دودھ کی قیمت 180 روپے فی لیٹر،ہول سیلرز کے لئے 188روپے اور ریٹیلرز کے لئے 200روپے فی لیٹر ہو گی
واضح رہے کہ 4ماہ قبل ہی سابق کمشنر کراچی نے دودھ کی سرکاری قیمت 180روپے مقرر کی تھی لیکن شہر میں کسی بھی علاقے میں دودھ سرکاری نرخ پر فروخت نہیں ہو رہا تھا ،اس وقت بیشتر علاقوں میں دودھ کی قیمت 220 سے 230 روپے فی لیٹر ہے
سابق کمشنر نے بھی نرخ بڑھاتے کے بعد اعلان کیا تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد 180 روپے کا ریٹ طے ہوا ہے اس لئے دودھ اب شہر بھر میں سرکاری نرخ پر فروخت ہو گا، لیکن عملی طور پر یہ دعویٰ محض دعویٰ ہی رہا کیونکہ دودھ اس سے قبل ہی 190 روپے پر فروخت ہو رہا تھا جیسے ہی قیمت 180 روپے مقرر ہو ئی دودھ فروشوں نے قیمت بڑھا کر 210 روپے کر دی۔