آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے افتتاحی میچ میں ڈیون کونوے اور رویندرا کی شاندار بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو بآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
کیوی بیٹرز ڈیون کونوے نے 152 اور رچن رویندرا نے 123 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلیں۔
انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو جیت کےلیے 283 رنز کا ہدف دیا، جو کیوی ٹیم نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے اوپننگ بیٹر ول ینگ دس کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے لیکن اُس کے بعد انگلش بولرز کا کیوی بیٹرز کی وکٹ لینا خواب بن گیا۔
کیوی بیٹر ڈیون کونوے نے 152 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس میں 3 چھکے اور 19 چوکے شامل تھے۔
راچن رویندرا تیز رفتار اننگز کھیلی اور صرف 96 گیندوں پر 5 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 123 رنز بنائے۔
یوں نیوزی لینڈ نے ہدف 37ویں اوور میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا، رویندرا ورلڈ کپ کے افتتاحی مقابلے کے پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
احمدآباد میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت ہوا۔
انگلینڈ کی پہلی وکٹ 40 رنز پر ڈیوڈ ملان کی صورت میں گری جب انہیں میٹ ہنری نے 14 رنز پر آؤٹ کیا جبکہ دوسری وکٹ 64 کے مجموعے پر گری جب جونی بیرسٹو 33 رنز بنا کر مچل سینٹنر کا شکار بنے۔
انگلینڈ کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ہیری بروک تھے جو 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہیں راچن رویندر نے آؤٹ کیا جبکہ چوتھی وکٹ 118 رنز پر معین علی کی صورت میں گری، ان کو 11رنز پر گلین فلپس نے آؤٹ کیا۔
نیوزی لینڈ کے خلاف انگلینڈ کی پانچویں وکٹ 188 رنز پر گری جب کپتان جوز بٹلر 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہیں میٹ ہنری نے آؤٹ کیا۔
انگلینڈ کی چھٹی وکٹ 221 رنز پر گری، لیام لیونگ اسٹون 20 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے، ان کی وکٹ ٹرینٹ بولٹ لی، کرس ووکس 11 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری نے تین، فلپس اور سینٹنر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
نیوزی لینڈ کا ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ
ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹاس کے موقع پر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹام لیتھم نے کہا کہ وارم اپ میچ کے بعد اچھی تیاری کی ہے، کیسن ولیمسن صحت یاب ہو رہے ہیں، وہ اگلے میچز کھیلیں گے۔
اس موقع پر انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے کہا کہ ٹاس جیتتے تو پہلے بولنگ ہی کرتے، بین اسٹوکس انجری کی وجہ سے میچ نہیں کھیلیں گے۔
انگلینڈ کی پلیئنگ الیون جوز بٹلر (کپتان، وکٹ کیپر)، جونی بیرسٹو، ڈیوڈ ملان، جو روٹ، لیام لیونگ اسٹون، معین علی، ہیری بروک، کرس ووکس، سیم کرن، عادل رشید، مارک ووڈ شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون ٹام لیتھم (کپتان)، ڈیون کونوے، ول ینگ، راچن رویندر، ڈیرل مچل، گلین فلپس، مارک چیپ مین، جیمز نیشم، مچل سینٹنر، میٹ ہنری، ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔