حماس کے حملوں سے خوفزدہ اسرائیلیوں نے ملک چھوڑنے کی کوشش شروع کردی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق تل ابیب ایئر پورٹ پر پرواز منسوخی کے اعلانات کے باوجود اسرائیلی شہریوں کارش لگا ہوا ہے، بن گوریان ایئر پورٹ کےبیرون ملک لاؤنج میں اسرائیلی شہریوں کی لائنیں لگ چکی ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پروازوں کی منسوخی کے اعلان کے باوجود مسافر تل ابیب ایئر پورٹ پہنچ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ حماس اور اسرائیلی فوج کے درمیان آج دوسرے روز بھی جھڑپیں جاری ہیں، اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے رات بھر غزہ پر بمباری کی گئی، جس میں غزہ کا کثیر منزلہ فلسطین ٹاور ملبے کا ڈھیر بنا دیا گیا۔
دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے حملوں میں اسرائیلی فوج کے بریگیڈ کمانڈر سمیت 500 سے زائد اسرائیلی ہلاک ہو گئے۔
اسرائیلی فوج نے حماس کی کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے 26 فوجیوں کی شناخت ظاہر کر دی۔
اسرائیلی فوج کے مطابق حماس کی کارروائیوں میں ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی اب تک تعداد 44 ہو چکی ہے۔
اسرائیلی حکام نے 300 ہلاکتوں کی تصدیق کر دی جبکہ بتایا ہے کہ 1800 سے زیادہ اسرائیلی زخمی ہوئے ہیں۔
امریکا میں اسرائیلی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ 100 اسرائیلی شہریوں اور فوجیوں کو اغوا کر لیا گیا ہے۔
حماس کی جانب سے سینئر اسرائیلی کمانڈر میجر جنرل نمرود الونی سمیت متعدد افراد کو یر غمال بنا کر غزہ منتقل کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔