• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی فوج کی غزہ میں تین طرف سےحملہ کرنے کی دھمکی

اسرائیلی فوج نے غزہ میں تین طرف سےحملہ کرنے کی دھمکی دے دی۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ اگلے مرحلے کا وقت آپہنچا ہے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ پر بری، فضائی اور بحری راستوں سے جلد حملہ کیا جائے گا، آپریشن طویل وقت لے گا، شمال میں ہماری فوج بالکل تیار ہے۔

صیہونی فوج نے مزید کہا کہ غزہ کے رہائشیوں کو چلے جانا چاہیے اور جب تک ہم نہ کہیں واپس نہ آئیں، غزہ کے لوگوں کو جنوب کی طرف جانے کا کہا  گیا ہے۔

اسرائیلی فوج کی شمالی غزہ سے نکلنے کی ڈیڈلائن کے دوران بھی بمباری جاری ہے، شمالی غزہ سے جنوبی غزہ جانے والے 250 فلسطینی راستے میں بمباری سے شہید ہوگئے۔

دوسری جانب سعودی عرب نے اسرائیل سے تعلقات معمول پر لانے کے لیے گفتگو روک دی۔

خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے لیے بات چیت روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات سے متعلق بات چیت روکنے کے فیصلے کا امریکی حکام کو بتا دیا گیا ہے۔

شہید فلسطینیوں کی تعداد 2 ہزار 215 ہوگئی

اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 2 ہزار 215 ہوگئی ہے۔

غزہ کی پٹی میں اسرائیلی بمباری سے زخمی فلسطینیوں کی تعداد 8 ہزار 714 ہوگئی، اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں میں 1 ہزار سے زائد بچے اور خواتین ہیں۔

7 اکتوبر کو حماس کی القسام بریگیڈ کے آپریشن ’طوفان الاقصیٰ‘ میں 1300 اسرائیلی ہلاک ہوئے تھے۔

 اقوام متحدہ کےانسانی امدادی امور کے سربراہ مارٹن گریفتھس کا کہنا ہے کہ غزہ میں پانی، بجلی، ایندھن نہیں، خوراک کی قلت خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، غزہ میں انسانی بحران کی صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید