اسرائیل کی غزہ پر بربریت رکوانے کیلئے روس میدان میں آگیا ہے۔
روس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں قرارداد کا مسودہ پیش کردیا، 15 رکنی سلامتی کونسل کے بند کمرہ اجلاس میں روس نے مسودہ پیش کیا، جس میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
سلامتی کونسل میں روس کی جانب سے پیش کیے گئے مسودے میں کہا گیا کہ شہریوں پر تشدد اور ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کی جائے، یرغمالیوں کی رہائی ممکن بنائی جائے۔
روس کی جانب سے انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی اور شہریوں کا محفوظ انخلا یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔
دوسری جانب سعودی عرب نے اسرائیل سے تعلقات معمول پر لانے کے لیے گفتگو روک دی۔
خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے لیے بات چیت روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات سے متعلق بات چیت روکنے کے فیصلے کا امریکی حکام کو بتا دیا گیا ہے۔