غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی بمباری کے خلاف دنیا بھر میں مظاہرے کیے گئے، وائٹ ہاؤس کے سامنے بھی احتجاج کیا گیا۔
نیو یارک میں مظاہرین نے اسرائیلی جارحیت اور غزہ میں نسل کشی بند کروانے کا مطالبہ کیا، کئی ملکوں میں اسرائیل، امریکا، برطانیہ اور فرانس کے سفارتخانوں کے باہر مظاہرے کیے گئے۔
لبنان کے درالحکومت بیروت میں مظاہرین نے امریکی سفارت خانے پر دھاوا بول دیا، عمارت پر فلسطینی پرچم لہرا دیا، ترکیہ میں اسرائیلی حملے پر مشتعل مظاہرین نے اسرائیلی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی، پولیس نے واٹر کینن اور مرچوں کے اسپرے کا استعمال کیا۔
اردن میں اسرائیلی سفارت خانے کی طرف بڑھتے مظاہرین کی پولیس سے جھڑپ ہوئی، مظاہرین نے فلسطینی سرحد کھولنے کا مطالبہ کردیا۔
ایران میں برطانیہ اور فرانسیسی سفارت خانوں کے باہر احتجاج کیا گیا، تیونس میں مظاہرین نے امریکی اور اسرائیلی سفیروں کو ملک سے نکالنے کا مطالبہ کیا۔
رام اللّٰہ میں فلسطینی عوام نے صدر محمود عباس کے خلاف احتجاج کیا، اس دوران مظاہرین کی فلسطینی اتھارٹی کی فورسز سے جھڑپیں بھی ہوئیں۔
سری لنکا میں بھی اسرائیلی مظالم کے خلاف کولمبو میں اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر مظاہرہ کیا گیا، روس کے دارالحکومت ماسکو میں غزہ اسپتال کے شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔
لندن میں بھی غزہ کے اسپتال پر حملے کے خلاف ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ کے سامنے احتجاج کیا گیا، مظاہرے اہتمام جنگوں کے خلاف سرگرم اسٹاپ دی وار اور دیگر تنظیموں نے کیا، شدید بارش کے باوجود احتجاج میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی اور فری فلسطین کے نعرے لگائے۔