غزہ میں ایک طرف موت کا سناٹا اور دوسری طرف مسجد کے اسپیکر سے گونجتی آواز پر درد دل رکھنے والے دہل کر رہ گئے۔
اسرائیلی فوج کے زمینی حملے کے بعد غزہ کی مساجد سے مسلمانوں کے نام پیغام دیا گیا کہ اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف بھرپور طاقت استعمال کر رہا ہے، غزہ کے مکین مظلوموں کی فتح کیلئے دعا کریں۔
مسجد سے دیے گئے پیغام میں کہا گیا کہ ہم اللّٰہ کی قدرت کو ان پر غالب سمجھتے ہیں، یہاں مواصلاتی رابطے منقطع کیے جا چکے، غزہ کے مکین اہل اسلام کی دعاؤں کے طالب ہیں۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ کے مظلوم عوام کی آواز دنیا تک پہنچنے سے روکنے کی کوشش کی گئی ہے، بمباری سے غزہ میں مواصلاتی نظام مکمل تباہ کردیا، انٹرنیٹ اور موبائل فون سروسز معطل ہوگئی، غزہ کا رابطہ دنیا سے کٹ گیا۔
گذشتہ رات کی شدید بمباری سے نقصانات کی تفصیل سامنے نہ آسکی، ایک رات میں ہزاروں افراد شہید ہونے کا خدشہ ہے، اقوام متحدہ اور عالمی ادارے صحت کا بھی غزہ میں موجود اپنے اہلکاروں سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
ہلال احمر کا کہنا ہے کہ بمباری اس قدر شدید اور مسلسل رہی کہ زخمیوں کو نکالنے تک نہیں جا سکے، ملبے تلے دبے افراد مدد کیلئے پکار رہے ہیں۔
صحافیوں کے تحفظ کی بین الاقوامی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کا کہنا ہے کہ غزہ میں مواصلاتی بلیک آؤٹ، نیوز بلیک آؤٹ ہے، اس تاریک گھڑی میں صحافیوں، سچائی کے متلاشیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔