• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’مما اٹھو، مجھے بتاؤ تم زندہ ہو‘، ماں کو کھونے والی بچی کی ویڈیو دیکھ کر ہر آنکھ اشکبار

فوٹو: اسکرین گریپ انسٹاگرام
فوٹو: اسکرین گریپ انسٹاگرام

اسرائیلی فوج کی بمباری میں شہید ہونے والی فلسطینی خاتون کی بیٹی کی ماں کو جذباتی انداز میں رخصت کرنے کی ویڈیو دیکھ کر ہر آنکھ اشکبار ہوگئی۔

7 اکتوبر کے بعد اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر شدید بمباری کا سلسلہ جاری ہے، جس میں اب تک 7 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جبکہ کئی بچے اپنی ماؤں اور سیکڑوں والدین اپنے بچوں سے محروم ہو چکے ہیں۔

اپنے پیاروں کو بمباری میں کھودینے والے بہت زیادہ دکھی نظر آرہے ہیں جن کی ویڈیوز بھی مسلسل میڈیا اور سوشل میڈیا پر سامنے آرہی ہیں۔

ایسی ہی ایک ویڈیو فلسطینی صحافی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے، جس نے صارفین کو دہلا کر رکھ دیا ہے، جسے دیکھ کر ہر آنکھ اشکبار ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسپتال میں ایک خاتون کے جسد خاکی کو اسٹریچر پر لے جایا جارہا ہے جبکہ اس دوران ایک بچی بھی اسٹریچر کے ساتھ چلتے ہوئے مسلسل روتی نظر آرہی ہے۔

بچی بار بار پکارتی ہے کہ مما اٹھو، مما اٹھو، مما اٹھ کر مجھے بتاؤ کہ تم زندہ ہو، مگر دوسرے جہاں میں جانے والی ماں دنیا سے آزاد ہوکر اپنے رب کے حضور پہنچ چکی ہے۔

اس دردناک ویڈیو میں اسٹریچر کے ساتھ چلتے ہوئے رضاکار بھی روتے نظر آ رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسرائیل نے غزہ پر تین اطرف سے حملہ کیا تھا، جس کے دوران طیاروں، بحری جنگی جہازوں سے بمباری اور ٹینکوں سے گولا باری کی گئی۔

فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 7 ہزار 703 ہوگئی، شہید فلسطینیوں میں 3 ہزار 595 بچے شامل ہیں۔

غزہ کی پٹی دھماکوں سے گونج اٹھی، ہر جانب دھویں کے بادل اٹھتے نظر آئے اسرائیلی فوج نے ٹینکوں کے ذریعے غزہ میں داخل ہونے کی ویڈیو بھی جاری کردی۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے شمالی غزہ میں 150 اہداف کو نشانہ بنانے اور حماس کے فضائی آپریشن کے سربراہ اور کئی کارکنوں کو شہید کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے 7 اکتوبر سے اب تک 825 فلسطینی خاندانوں کا اجتماعی قتل عام کیا، 53 فلسطینی خاندانوں کو گزشتہ شب کی گئی وحشیانہ بمباری کے دوران شہید کیا گیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید