• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ پر اسرائیلی بمباری کیخلاف دنیا بھر میں مظاہرے

غزہ پر اسرائیلی بمباری کے خلاف دنیا بھر میں مظاہروں نے زور پکڑ لیا، ترکیے کے شہر استنبول میں ملین مارچ کیا گیا، جس میں  لاکھوں افراد نے فلسطینیوں سے متعلق اپنی آواز عالمی برادری تک پہنچائی۔

غزہ جنگ کے خلاف اسرائیل کے اپنے شہریوں نے بھی احتجاج کیا، تل ابیب میں اسرائیلی مظاہرین نے وزارت دفاع کے دفتر کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے  غزہ جنگ روکنے کا مطالبہ کردیا۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی مظاہرین نے غزہ میں جنگ بندی، یرغمالیوں کو رہا کروانے کے پلے کارڈز اٹھائے ہوئے ہیں۔

برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں بھی مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ہزاروں افراد نے ریلی نکالی، برطانوی حکام نے مظاہرین کے اسرائیلی سفارتخانے تک جانے پر پابندی لگا دی۔

انڈونیشیا میں بھی فلسطینی پرچم تھامے ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے، فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف مغربی کنارے میں رام اللّٰہ سے الخلیل اور طولکرم سے توباس تک غزہ کی حمایت میں مظاہرے کیے گئے۔

نیوزی لینڈ میں پارلیمنٹ کے سامنے بڑا مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں اسرائیل سے فلسطین پر مظالم بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

امریکا کے شہر نیو یارک میں یہودیوں کی جانب سے بھی  مظاہرہ کیا گیا، جس میں ’میرے نام پر نہیں‘ لکھی عبارت والی ایک جیسی شرٹس پہنیں۔

 نیویارک پولیس نے 200 مظاہرین کو گرفتار کرلیا، بوسٹن میں طلبہ نے احتجاج کیا، جس میں ہارورڈ یونیورسٹی کے طلبہ اور علاقہ مکینوں نے  شرکت کی، کینیڈا کے مختلف شہروں میں طلبہ نے فلسطین کےحق میں مظاہرے کیے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید