اسرائیلی مظالم کے شکار غزہ کے لوگوں کی دنیا کے مقابلے میں صبح کیسی ہوتی ہے فلسطینی صحافی نے بتا دیا۔
اسرائیلی بمباری میں اپنے پیاروں کو کھونے والے روز صبح اٹھ کر انہیں تلاش کرتے نظر آتے ہیں اور ایک دوسرے کو تسلیاں دلاسے بھی دیتے ہیں۔
فلسطینی صحافی نے بھی اسی سے متعلق ایک ویڈیو اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فلسطین کے لوگ صبح اٹھنے کے بعد اپنے پیاروں کو یاد کرکے روتے نظر آرہے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ غزہ کی خواتین، بزرگ اور نوجوان اپنے پیاروں کو کھونے کے بعد غمزدہ نظر آرہے ہیں، ان کی صبح دنیا والوں کے مقابلے میں انتہائی اداس نظر آتی ہیں۔
7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 8 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، غزہ میں محصور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی ریاستی دہشتگردی 23 ویں روز بھی جاری ہے، غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 450 سے زائد میزائل حملے کیے گئے ہیں۔
ایک فضائی حملہ غزہ کے سب سے بڑے اسپتال الشفا کے قریب بھی کیا گیا ہے، جس سے شفا اسپتال جانے والی تمام سڑکیں تباہ ہوگئیں اور اسپتال پہنچنا انتہائی دشوار ہوگیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ اسپتال زخمیوں سے بھرا ہوا ہے جہاں ہزاروں افراد پناہ بھی لیے ہوئے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ایندھن اور طبی سامان کی عدم فراہمی کی وجہ سے غزہ کے 30 اسپتال بند ہو چکے ہیں۔