• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی افواج پر حملے غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہیں، ایران

تہران (اے ایف پی) ایران نے گزشتہ روز کہا کہ عراق اور خطے کے دیگر مقامات پر امریکی افواج پر حملے حماس کے خلاف جنگ میں اسرائیل کی حمایت سمیت غلط امریکی پالیسیوں کا نتیجہ ہیں۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا کہ خطے میں امریکی اڈوں پر حملے بالخصوص عراق میں، خطے میں غلط امریکی پالیسیوں کا نتیجہ ہیں، ہمیں امید ہے کہ یہ درست ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ حملے خطے میں امریکی موجودگی اور صیہونی حکومت اسرائیل کے جرائم کے لیے امریکی حمایت کی شدید مخالفت کرنے والے گروہوں نے کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپ جو بوتے ہیں وہی کاٹتے ہیں،انہوں نے امریکاپر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسرائیل کی پشت پناہی کرنا بند کر دے۔ایرانی فوج کے چیف آف اسٹاف محمد باقری نے گزشتہ روز کہا کہ حماس اسرائیلی زمینی حملے کے لیے تیار ہے۔ قبل ازیں گزشتہ روز ایرانی یہودیوں سمیت تقریباً 200 مظاہرین تہران کی ایک عبادت گاہ میں جمع ہوئے اور جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے ،بچوں، خواتین اور نہتے لوگوں کے قتل عام کی مذمت کی۔ایران نے بارہا حماس اسرائیل جنگ کو خطے کے دیگر حصوں تک پھیلانے سے خبردار کیا ہے۔وائٹ ہاؤس نے تہران پر مشرق وسطیٰ میں امریکی افواج پر حملوں میں فعال طور پر سہولت کاری کا الزام عائد کیا ہے۔جمعرات کوامریکی فوج نے کہا کہ اس نے مشرقی شام میں دو تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے جو ایران کے اسلامی انقلابی گارڈ کور اور اس سے منسلک گروپوں کے زیر استعمال تھیں۔

دنیا بھر سے سے مزید