• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیل کو دفاع کا حق حاصل ہے، امریکی وزیر خارجہ

سینیٹ کمیٹی میں بیان دیتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو دفاع کا حق حاصل ہے۔ اسرائیلی حکام پر زور دیا ہے کہ عالمی جنگی اور انسانی قوانین کی پابندی کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہری جانوں کے ضیاع سے گریز کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ غزہ میں خوراک، پانی، ادویات، ایندھن جیسی بنیادی ضروریات کی کمی زندگی اور موت کا معاملہ ہیں۔ غزہ میں ایک ملین سے زائد لوگ بے گھر ہوئے، نصف کی دیکھ بھال یو اینڈ بلیو آر اے کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسرائیل، مصر اور اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر امریکا غزہ میں امداد پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ غزہ پہنچنے والی امداد حماس کے ہاتھ نہ لگے۔ ایسا نظام بنایا ہے کہ اسرائیلی حکومت کی جانچ کے بعد رفح سے امداد غزہ پہنچ رہی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ غزہ جانے والے ہر امدادی ٹرک کی اسرائیلی اور مصری حکام تصدیق کرتے ہیں۔ یہ یو این کے ٹرک ہیں، جو یو این ایجنسیوں کے ذریعے امداد مختلف مقامات تک پہنچاتے ہیں۔

انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ اس پورے عمل میں امداد کی نگرانی ہوتی ہے اور یقینی بنایا جاتا ہے کہ امداد وہیں پہنچے جہاں جانا ہے۔ اب تک ایسی رپورٹس نہیں ہیں کہ امداد اس کے مطلوبہ وصول کنندگان تک نہیں پہنچی۔

انہوں نے کہا کہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ نامزد وصول کنندگان کو 100 فیصد امداد پہنچتی رہے گی۔ اب تک امداد کی بھاری اکثریت ان لوگوں کو مل رہی ہے جنہیں اس کی ضرورت ہے۔

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اب یومیہ 50 سے زیادہ امدادی ٹرک پہنچ رہے ہیں۔ تنازع سے پہلے یومیہ 500 سے 800 ٹرک بھیجے جاتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جاری ہفتے 100 امدادی ٹرک یومیہ پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، یقینی بنانے کی کوشش ہے کہ امداد حماس کو نہیں، ضرورت مند لوگوں تک پہنچے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید