کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی حکومت کے احکاما ت کے مطابق بدھ یکم نومبر سے کراچی میں غیر قانونی مقیم غیر ملکی افراد کا انخلا شروع کر دیاجائے گا ۔کمشنر کراچی محمد سلیم راجپوت کی زیر صدارت غیر قانونی تارکین کے انخلا کی عملدرآمد کمیٹی کا اجلاس ہوا ۔جلاس میں بتایا گیا کہ کراچی میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد کے ملک سے انخلا کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ‘ضلعی انتظامیہ، پولیس رینجرز مل کر کام کریں گے‘ ڈپٹی کمشنرز نگرانی کریں گے‘ ڈپٹی کمشنرز نے اجلاس میں اپنے اپنے ضلع میں غیر قانونی افراد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتا یا گیا کہ غیر قانونی افراد کے رہائشی مقا مات اور ملازمت کے بارے میں تفصیلات حاصل کرلی گئی ہیں‘اسی طرح مالک مکان کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی غیرقانونی فرد کو رہائش فراہم نہ کرے‘ اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی میں مقیم غیر قانونی افراد کی اکثریت نان بائی، کھانے پینے مقامی ہوٹلز، ماربل فیکٹریز،مختلف مارکیٹوں گھریلو ملازمین‘چوکیدار اور پتھارے دار ہیں ۔