پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ زارا نور عباس نے معروف اسلامیک اسکالر مولانا طارق جمیل کے بیٹے عاصم جمیل کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے اور کہا ہے کہ ذہنی تناؤ ایک بیماری ہے اسے دین سے دوری کا مسئلہ نہ سمجھا جائے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اداکارہ نے اسٹوری شیئر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ذہنی تناؤ یا ڈپریشن کو سنجیدگی سے لیا جائے، اسے دین سے دوری کا مسئلہ یا وجہ نہ بنایا جائے۔
انہوں نے طویل انسٹا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام لوگ جو کہتے ہیں کہ ذہنی تناؤ یا ڈپریشن دین سے دوری کی وجہ سے ہوتا ہے، براہِ مہربانی مولانا طارق جمیل کے بیٹے کی مثال لیں جو اس میں مبتلا تھے جبکہ ان کا پورا گھرانہ مذہب سے قریب تر ہے اور ان کے والد مذہبی اسکالر ہیں۔
اداکارہ نے مزید لکھا ہے کہ براہِ کرم اسے سمجھیں کہ ذہنی تناؤ یا ڈپریشن دیگر بیماریوں کی طرح حقیقی بیماری ہے جو انسان کو بُری طرح متاثر کرتی ہے، براہِ کرم جو اس میں مبتلا ہے وہ اس کا علاج کروائے اور دیگر افراد ان کی مدد کریں۔
زارا نور عباس نے اپنی انسٹا اسٹوری کے اختتام پر مولانا طارق جمیل کے بیٹے کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعا کی ہے کہ اللّٰہ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور آخرت میں سکون عطا فرمائے۔