اسپین کے ’سینٹ جوآن دی دیو‘ اسپتال میں زیرِ علاج پیدائشی طور پر جسمانی طور پر جڑے ہوئے جڑواں بچوں کا آپریشن کامیاب رہا اور دونوں بچوں کو الگ کرنے کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا۔
طبی عملے کے مطابق موریطانیہ سے تعلق رکھنے والے جڑواں بچوں خدیجہ اور چیریو کی سرجری کامیاب رہی اور دونوں بہن بھائی اب صحت مند ہیں اور امید کی جا رہی ہے کہ دونوں بچے مستقبل میں آزادانہ اور خود مختار طور پر زندگی گزار سکیں۔
طبی ماہرین کے مطابق جڑواں بچوں کی پیدائش رواں سال 8 اکتوبر کو ان کے آبائی ملک میں ہوئی تھی، جو پیٹ کے اوپری حصے سے ایک ہی نال کے ساتھ جڑے ہوئے تھے۔
اسپتال کے یکجہتی پروگرام کے تحت موریطانیہ کے حکام نے کاتالان کے طبی مرکز سے رابطہ کیا تاکہ اس بات کا جائزہ لیا جائے کہ آیا ان کا آپریشن کر کے انہیں الگ کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔
ڈاکٹروں کی منظوری کے بعد دونوں بچوں کو 25 اکتوبر کو ہسپانوی فضائیہ کے طیارے سے اسپین لایا گیا۔
مذکورہ اسپتال میں سرجری کے سربراہ ڈاکٹر زیویئر تارادو نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ جڑواں بچے جگر کے ذریعے منسلک تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ سرجری ان کے لیے اور ان کے مرکز کے لیے غیر معمولی تھی جس میں زیادہ حفاظت کی ضرورت تھی۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع تھا جب اسپین کے مذکورہ اسپتال میں جڑواں بچوں کا آپریشن کر کے انہیں جسمانی طور پر الگ کیا گیا اور سرجری میں شامل طبی پیشہ ور افراد نے اس عمل کو نہایت مہارت سے سر انجام دیا۔