کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ملک کاموجودہ آئین ناصرف اپنی حفاظت کرسکا اور نا عام پاکستانی شہری کی اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ایک ایسا آئین جو تمام شہریوں کو برابری کے حقوق فراہم کر سکے ملک میں نافذ ہونا چاہئے،ایم کیو ایم پاکستا ن نے آئین میں ترمیم کی تجاویز پیش کردیں ۔ سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں کے دن پھرنے والے ہیں اچھا وقت قریب ہے،عام انتخابات کا انعقاد مقامی حکومتوں کی موجودگی سے مشروط کیا جانا چاہئے۔ وہ منگل کو مقامی ہوٹل میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے منعقدہ خودمختار اضلاع مضبوط پاکستان کے عنوان سے کانفرنس سے خطاب کررہے تھے جس میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں ، سماجی، صحافی، وکلاء، تاجر برادری اور مُختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات نے بھی خطاب کیا، میزبانی حیدر عباس رضوی، سید فیصل سبزواری نے کی، سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں کے دن پھرنے والے ہیں اچھا وقت قریب ہے تمام جماعتوں کی اِس کانفرنس میں موجودگی خوش آئند ہے، پانچ افراد اِس ملک کے وسائل و اختیار پر قابض ہیں و سائلِ کو نچلی سطح تک پہنچانے کاکوئی طریقہء کار موجود نہیں ، ایم کیو ایم پاکستان آئین میں ترامیم کی تین تجاویز پیش کر رہی ہے جِس طرح وزیرِ اعظم سمیت وزرائے اعلیٰ کے اختیارات آئین میں درج ہیں ویسے ہی بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات آئین میں لکھے ہوئے ہونے چاہئیں, نیشنل فنانس کمیشن کی طرح صوبائی فنانس کمیشن کا انعقاد بھی ہونا چا ہئے، عام انتخابات کا انعقاد مقامی حکومتوں کی موجودگی سے مشروط کیا جانا چاہئے، جو جماعتیں ملک میں نئے صوبے بنانے کی مخالفت کرتی ہیں وُہ ان ترامیم کی حمایت کریں پاکستان کو صوبائی خودمختاری سے قابلِ ذکر فائدہ نہیں ہوا بلکہ تمام وسائل وزیرِ اعلیٰ تک محدود ہو گئے، سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ آج کا دن صحیح معنوں میں حقیقی تبدیلی کی جانب پہلا قدم بڑھانے کا دن ہے قیام پاکستان کے بعد مضبوط مرکز مضبوط پاکستان کا نعرہ وُجود میں آیا گزشتہ پندرہ سالوں میں اٹھارویں ترمیم کا لبادہ اوڑھ کر صوبائی خودمختاری کا جھانسہ دیا گیا، جب تک اختیارات و وسائل نچلی سطح تک منتقل نہیں ہونگے تب تک مضبوط پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا بااختیار مستحکم مقامی حکومتیں ہی مضبوط پاکستان کی ضامن ہیں، سابق وفاقی وزیر قانون و سینیٹر فروغ نسیم نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے جاری کی جانے والی آئینی ترامیم مُلک کے لئے ناگزیر ہو چُکی ہیں۔ رہنماء مسلم لیگ ن احمد اقبال نے کہا کہ مقامی حکومتوں کے اختیارات کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں میں آج کا دن اہم سنگِ میل ثابت ہوگا، اے این پی کراچی کے صدر شاہی سید نے کہا کہ خوشحال عوام ہی خوشحال پاکستان کی گارنٹی ہے اٹھارہویں ترمیم صحیح معنوں میں آج تک نافذ نہیں کی جاسکی اختیارات چند شخصیات تک محدود کر دیئے گئے وسائل کو اگر عوام کی دہلیز تک نہیں پہنچایا تو بہتر پاکستان کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، رہنماء آئی پی پی عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی کو ہمیشہ دودھ دینے والی گائے سمجھا گیا مگر اِس گائے کو چارا اس کی ضرورت کے مطابق نہیں دیا گیا،سینئر سیاستدان مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اگر آج مقامی حکومتوں کے حوالے سے ریفارمز نہیں کی گئیں تو پاکستان دُنیا میں مزید پیچھے رہ جائے گا۔