پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج فلسطینیوں سے یکجہتی کا دن منایا جا رہا ہے، اسرائیلی جارحیت اور فلسطینیوں پر مظالم کے خلاف آج کراچی میں فلسطین یکجہتی مارچ کیا گیا۔
اسرائیلی مظالم کیخلاف سول سوسائٹی نے کراچی میں ریلی نکالی، سیاسی و سماجی شخصیات نے مکمل سیز فائر کا مطالبہ کیا۔ شرکاء نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پر پوری قوم متحد ہے۔ بین الاقوامی طاقتیں اسرائیل کی پشت پناہی نہ کریں۔
سول سوسائٹی کی جانب سے کراچی طارق روڈ چورنگی سے ریلی کا آغاز ہوا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کے حق میں کراچی نے توانا آواز بلند کی ہے، سیاسی و مذہبی جماعتیں اور سول سوسائٹی اسرائیلی جبر کے خلاف ہم آواز ہیں۔
دنیا بھر کی طرح کراچی کی سول سوسائٹی، سیاست داں ، صحافی برادری اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہری فلسطین کے عوام کی آواز بن گئے، جنہوں نے دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستانی قوم مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہے۔
فلسطین یکجہتی مارچ شاہراہ قائدین طارق روڈ سے شروع ہوا، خواتین، بچے بزرگ، نوجوان ،ہاتھوں میں فلسطینی پرچم تھامے،،، اسرائیلی جبرکے کیخلاف نعرے لگاتے رہے۔
ریلی میں سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے بھی کارکنان کے ہمراہ شرکت کی ، سیاستدانوں نے کہا کہ فلسطین کے حق میں سیاسی و مذہبی جماعتیں اور سول سوسائٹی یک زبان ہے۔
فلم اور ٹی وی اداکاروں نے بھی اسرائیلی جارحیت کیخلاف احتجاج ریکارڈ کروایا، ریلی طارق روڈ چورنگی سے نمائش چورنگی پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئی۔
خیال رہے کہ اسرائیلی ریاست کے قیام کے بعد نہتے فلسطینیوں کو مظالم سہتے 76 برس بیت گئے، فلسطینیوں سے یکجہتی کا دن ہر سال 29 نومبر کو اقوام متحدہ کے تحت منایا جاتا ہے۔