• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ: عمارت کے ملبے پر فلسطینی بچوں کے کھیلنے کی ویڈیو

اسرائیلی بمباری سے تباہ حال غزہ میں ایک عمارت کے ملبے کے ڈھیر پر فلسطینی بچوں کے ہنسنے اور کھیلنے کی ویڈیو سامنے آگئی۔

فلسطینی سوشل میڈیا انفلوئنسر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں غزہ کے بچوں کو اسرائیلی بمباری میں تباہ ہونے والی عمارت کے ملبے پر کھیلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں چند بچے مسکراتے نظر آرہے ہیں  جبکہ ان میں سے ایک بچے نے اپنے ہاتھ میں فلسطینی پرچم بھی تھاما ہوا ہے، معصوم بچوں کی ویڈیو کو سوشل میڈیا صارفین بھی خوب پسند کر رہے ہیں اور ان کے جذبے کی داد دے رہے ہیں۔

صارفین کی جانب سے بچوں کیلئے دعائیہ پیغامات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

یاد رہے کہ غزہ میں چار روزہ عارضی جنگ بندی کا آخری دن ہے، آج 11 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی متوقع ہے، 33 فلسطینی قیدیوں کی رہائی کی بھی امید ہے، جنگ بندی میں توسیع کے لیے امریکا، یورپی یونین، مصر، قطر کی کوششیں جاری ہیں۔

 مصر کا کہنا ہے کہ جنگ بندی میں مزید 2 روز کی توسیع کے قریب ہیں، اس دوران 20 اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے 60 فلسطینی قیدی رہا ہوں گے، چار روزہ عارضی جنگ بندی میں تین روز کے دوران حماس نے 39 اسرائیلی یرغمالیوں اور اسرائیل نے 117 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا۔

 حماس نے 17 تھائی، ایک فلپائنی اور ایک اسرائیلی روسی شہری کو بھی رہا کیا، اسرائیلی وزیراعظم نے جنگ بندی میں ممکنہ توسیع کا خیرمقدم کرنے کے  ساتھ ہی خبردار کیا ہے کہ عارضی جنگ بندی ختم ہوتے ہی پوری طاقت سے غزہ پر دوبارہ حملے کریں گے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید