• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقامی حکومتوں کو مضبوط بنانے کیلئے ن لیگ اور MQM آئینی ترمیم پر متفق

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر، اے پی پی) مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم پاکستان نے مضبوط بلدیاتی نظام کو آئینی تحفظ دینے کیلئے الیکشن کے بعد آئینی ترامیم ملکر پارلیمنٹ سے منظور کرانے اور الیکشن میں ملک کی معیشت کی بحالی اور عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے ایک دوسرے سے تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے بدھ کو اسلام آباد میں دونوں جماعتوں کے وفود کے درمیان مذاکرات کے بعد سامنے آیا۔ مسلم لیگ( ن) اور ایم کیو ایم پاکستان کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کی رہائش گاہ پر ہوا۔ مسلم لیگ(ن) کی طرف سے احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، زاہد حامد، بشیر میمن جبکہ ایم کیو ایم کے وفد کی قیادت ڈاکٹر فاروق ستار نے کی اور وفد میں امین الحق اور مصطفی کمال شامل تھے۔ ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے مشترکہ بات چیت میں احسن اقبال نے کہا کہ ایم کیو ایم کے وفد نے انہیں ایک آئینی ترامیم پر مبنی مسودہ پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یقین دلاتے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) بھی مضبوط بلدیاتی نظام پر یقین رکھتی ہے۔ہم نے ایم کیو ایم کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے کہ ہم مل کر یہ آئینی ترامیم پارلیمنٹ سے منظور کروائیں گے اور جس سے مقامی حکومتوں کے نظام کو آئینی تحفظ حاصل ہوگا۔ اس بات پر بھی اتفاق ہوا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم آئندہ انتخابات میں ایک دوسرے سے تعاون کرینگی۔ فاروق ستار نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات سے پہلے ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ کم از کم کسی ایک بات پر قومی اتفاق رائے ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اب سب سے اہم بات یہ ہے کہ مضبوط بلدیاتی نظام اور مقامی حکومتیں پاکستان کی بقاء کی ضمانت ہیں لہذا آئین میں بلدیاتی حکومتوں اور بلدیاتی نظام کو مضبوط اور موثر بنانے کیلیے آئینی ترمیم کی ضرورت ہوگی، ہم نے اس حوالے سے آئینی ترامیم پر مبنی مسودہ مسلم لیگ(ن)کے ساتھیوں کے حوالے کیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید