• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجسالہ منصوبے کیلئے حکومت نے 23 گروپ بنا دیئے

اسلام آباد ( مہتاب حیدر)نگران حکومت نے ماہرین کے 23گروپ بنادیے ہیں جو اہم اقتصادی معاملات کے حوالے سے 13 واں پنج سالہ منصوبہ بنانے کی تیاری کر رہے ہیں ۔یہ پنجسالہ منصوبہ 2024-29 کےلیے ہوگا اور اس میں میکرو اکنامک فریم ورک، بیلنس آف پیمنٹ، سرکاری ترقیاتی پروگرام، غذااور زراعت، آبادی، غربت، گورننس کے حوالے سے اصلاحات اور دیگر چیزیں شامل ہیں۔ ماہرین کے اس گروپ کو 15 دسمبر تک اپنی سفارشات رپورٹس پیش کرنے کی مہلت دی گئی ہے اور تقریباً 500 ماہرین کو 23 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان ورکنگ گروپس کے ٹی اوآرز میں یہ یہ شامل ہے کہ یہ گروپ کام کریں گے اور اپنی سفارشات شیئر کریں گے اور مسائل اور ان کے حل کےلیے سفارشات تیار کرنے کی غر ض سے بحث مباحثہ کریں گے۔ ہرگروپ کے چیئر پرسن کا فیصلہ ہر متعلقہ گروپ کے اجلاس کے دوران کیاجائےگا۔ چیئر پرسن کسی بھی دوسرے رکن کو کوچیئرپرسن بنانے کا آپشن بھی دے سکتا ہے۔وزارت پلاننگ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک نوٹیفکیشن کے مطابق سیکریٹری وزارت پلاننت اور خصوصی اقدامات نے ورکنگ گروپس تشکیل دے دیے ہیں۔ جو گروپ تشکیل دیے گئے ہین ان میں میکرو اکنامک فریم ورک، گروتھ انویسٹمنٹ اینڈ سیونگ، بیلنس آف پیمنٹ، مالیاتی ، مانیٹری اور کیپٹل مارکیٹ ڈویلپمنٹس، پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام ، خوراک ، زراعت ، دیہی ترقی، صنعت، سرمایہ کاری و مسابقت، انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی، پاپولیشن، انرجی ، بنیادی کالج ایجوکیشن ،نالج اینڈ ٹیکنالوجی بیسڈ ڈویلپمنٹ، صحت، نیوٹریشن، لیبر، روزگار اور اسکل ڈویلپمنٹ، نوجوانان اور کھیل، ماس میڈیا، ثقافت، قومی ورثہ اور سیاحت، پانی کے وسائل ، ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹکس، فزیکل پلاننگ اور ہاؤسنگ، غربت، ایس ڈی جی ، سوشل پروٹیکشن اینڈ ویمن ایمپاورمنٹ، ادارتی اصلاحات اور گورننس، کم ترقی یافتہ خطوں میں متوازن ترقی،ماحولیاتی تبدیلی اور ماحولیات، آفات کی مینجمنٹ شامل ہیں۔

اہم خبریں سے مزید