کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے صنعتکاروں نے گیس ٹیرف میں بے پناہ اضافے کے خلاف احتجاج کے دوسرے مرحلے میں4دسمبر بروز پیر کو تمام صنعتیں بند کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ کہا ہےکہ گیس کے نئے نرخ صنعتوں کے لیے ناقابل برداشت ہیں حکومت اوگرا کے طے کردہ گیس نرخ 1350 روپے فی ایم ایم بی ٹی کیا جائے بصورت دیگر صنعتکار برادری احتجاج جاری رکھے گی۔
گیس نرخوں میں حالیہ اضافے کے خلاف سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری میں ہنگامی پریس کانفرنس میں بطور احتجاج صنعتوں کی بندش کا باقاعدہ اعلان کیا گیا۔
اس موقع پر صدر سائٹ ایسوسی ایشن محمد کامران عربی، چیف کوآرڈینٹر سلیم پاریکھ، بزنس مین گروپ کے وائس چیئرمین محمد جاوید بلوانی، ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر سلیمان چاؤلہ، سینئر نائب صدر کے سی سی آئی الطاف اے غفار، صدر نکاٹی فیصل معیز خان، کاٹی سے احتشام الدین، لانڈھی ایسوسی ایشن سے زین بشیر، سائٹ سپر ہائی وے ایسوسی ایشن کے صدر شاہین سروانہ، ایف بی ایریا ایسوسی ایشن کے صدر رضا حسین اور ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل ایسوسی ایشنز کے صدور نے شرکت کی جبکہ سائٹ ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر محمد حنیف توکل، نائب صدر محمد فرحان اشرفی، سابق صدور مجید عزیز، یونس بشیر، ریاض الدین، عبدالہادی، عبدالرشید اور ممبران شیخ ظفر احمد، عبدالقادر بلوانی، محمد حسین موسانی، سلیم ناگریا، انور عزیز، خالد ریاض، محمد ریاض ڈھیڈھی، طارق رحمان، رضوان لاکھانی، عظیم موتی والا و دیگر بھی موجود تھے۔