کراچی (نیوز ڈیسک) برطانیہ کے شہر برمنگھم کے بعد لوک داستانوں کے معروف کردار رابن ہوڈ اور مشہور ڈیزائنر پال سمتھ کا آبائی شہر ناٹنگھم دیوالیہ ہوگیا ہے جس کا اعلان مقامی حکومت نے بدھ کے روز کیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ناٹنگھم سٹی کونسل نے بدھ کو اجلاس کے دوران وسیع مالی خسارے کا اعلان کیا اور بتایا کہ کھاتوں میں توازن لانا ناممکن ہو چکا ہے اور اب شہر دیوالیہ ہو چکا ہے۔ شہری حکومت کی جانب سے نئے اخراجات پر پابندی عائد کر دی ہے اور صرف سوشل کیئر اور کچرہ اٹھانے والے اداروں کو ہی پیسے جاری کیے جائیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ ناٹنگھم رواں مالی سال کے دوران 23؍ ملین پائونڈز (29.1؍ ملین ڈالرز) اضافی خرچ کرنے جا رہا ہے۔ شہری انتظامیہ حال ہی میں بچوں اور بوڑھوں کیلئے بڑھنے والے اخراجات کو برداشت کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کر رہی ہے جبکہ شہر میں بے گھر افراد کی تعداد بڑھنے کے ساتھ مہنگائی نے بھی انتظامیہ کی پریشانیوں میں زبردست اضافہ کر دیا ہے۔ مالی مسائل کا آغاز گزشتہ سال اس وقت ہوا جب شہری کونسل کی سرپرستی میں چلنے والی روبن ہوڈ انرجی اسکیم شدید نقصانات کا شکار ہوگئی اور ٹیکس دہندگان کی رقم سے اس اسکیم پر 38؍ ملین پائونڈز خرچ کر دیے گئے۔