اسلام آباد (جنگ نیوز، ایجنسیاں) عام انتخابات کیلئے مطلوبہ سکیورٹی اور فنڈز نہیں، الیکشن کمیشن نے حکومت سے رابطہ کرلیا، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ شفاف پولنگ کیلئے فوج اور کوئیک رسپانس فورس دی جائے، سیکرٹری داخلہ کو لکھے گئے خط میں الیکشن کمیشن نے کہا کہ چاروں صوبوں اور وفاق میں الیکشن کیلئے 3لاکھ 28ہزار اہلکار دستیاب ہیں،2لاکھ 77ہزار اہلکاروں کی کمی ہے، جبکہ سیکرٹری خزانہ کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کو ضرورت کے مطابق فنڈز دو دن میں جاری کردینگے، نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 17.4 ارب روپے جاری کرنے کیلئے رابطہ کیا گیا، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی مالی ضرورت پوری کرنے کیلئے کوئی بحران نہیں، ای سی پی کو جو بھی بجٹ کی رقم درکار ہوگی، اسکی ضرورت کے مطابق جاری کی جائیگی، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کیساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عام انتخابات 2024 میں پاک فوج کی تعیناتی کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کو سیکورٹی اہلکاروں کی کمی پورا کرنے کیلئے خط لکھ دیا جس میں کہا گیا کہ آئندہ عام انتخابات کیلئے ملک بھر میں 5لاکھ 91ہزار 106 اہلکاروں کی ضرورت ہے، ملک بھر میں اس وقت 3لاکھ 28ہزار 510اہلکار دستیاب ہیں جبکہ 2لاکھ 77ہزار 558اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے۔عام انتخابات میں پولنگ اسٹیشن پر پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اسٹیٹک تعیناتی کے معاملے پر سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے سیکریڑی داخلہ افتاب اکبر درانی کو مراسلہ لکھ دیا جس میں کہا گیا کہ پاکستان آرمی اور سول آرمڈ فورسز کی بطور اسٹیٹک اور کوئیک رسپانس فورس تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔مراسلے میں بتایا گیا کہ الیکشن میں ملک بھر میں 5لاکھ 91ہزار 106اہلکاروں کی ضرورت ہے، اس وقت ملک بھر میں اس وقت 3لاکھ 28ہزار 510اہلکار دستیاب ہیں جبکہ ملک میں اس وقت 2لاکھ 77ہزار 558اہلکاروں کی کمی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا کہ اسلام آباد میں اس وقت ساڑھے 4 ہزار اہلکاروں کی کمی ہے جبکہ اس وقت 9ہزار سکیورٹی اہلکاروں کی ضرورت ہے، 7دسمبر سے پہلے الیکشن کمیشن کو اس حوالے سے کنفرمیشن دی جائے۔پنجاب میں اس وقت ایک لاکھ 8ہزار 500پولیس اہلکار دستیاب ہیں، پنجاب میں ایک لاکھ 69ہزار 110اہلکاروں کی کمی ہے جبکہ پنجاب میں 2لاکھ 77ہزار 610اہلکاروں کی کی ضرورت ہے۔ مراسلے کے مطابق فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 1500اور رینجرز کے1500اہلکاراور آزاد کشمیر پولیس کے 1500اہلکاروں کی ضرورت ہے۔ خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 49ہزار 77اہلکاروں کی ضرورت ہے، خیبرپختونخوا کے پاس اس وقت 92ہزار 360اہلکار موجود ہیں جبکہ خیبر پختونخوا کو 56ہزار 717اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے۔ جاری مراسلے کے مطابق سندھ میں اسوقت ایک لاکھ 23ہزار سکیورٹی اہلکاروں کی ضرورت ہے،سندھ کے پاس اس وقت ایک لاکھ 5ہزار پولیس اہلکار موجود ہیں جبکہ سندھ میں اس وقت 33ہزار 462اہلکاروں کی کمی ہے۔اسی طرح بلوچستان میں اسوقت 31ہزار 919اہلکاروں کی ضرورت ہے، بلوچستان میں 18ہزار 150اہلکار دستیاب ہیں جبکہ بلوچستان میں اس وقت 13ہزار 769اہلکاروں کی ضرورت ہے۔ مراسلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق اہلکاروں کی کمی کو پاکستان آرمی اور سول آرمڈ فورسز کے ذریعے پورا کیا جائے، ملک میں امن و امان کی نازک صورتحال کے پیش نظر پاکستان آرمی اور سول آرمڈ فورسز کو پولنگ اسٹیشن پر اسٹیٹک موڈ تعیناتی کے لیے ریکوزیشن کیا جائے۔ علاوہ ازیں وزارت خزانہ نے ملک میں عام انتخابات کیلئے فوری فنڈز جاری کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سیکرٹری وزارت خزانہ نے الیکشن کمیشن کو درکار فنڈز 2 روز میں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عام انتخابات کیلئے فنڈز کی عدم فراہمی پر سیکرٹری خزانہ الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے، جسکے بعد وزارت خزانہ نے عام انتخابات کیلئے فوری فنڈز جاری کرنے کا اعلان کردیا۔ اس حوالے سے سیکرٹری خزانہ کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جنتی ضرورت ہوگی فنڈز جاری کردیں گے، دو دن میں الیکشن کمیشن کو عام انتخابات کیلئے فنڈز جاری ہو جائینگے۔ خیال رہے کہ ملک میں آئندہ عام انتخابات کیلئے مختص رقم تاحال ریلیز نہ ہونے کا انکشاف ہوا، بجٹ میں مختص رقم ریلیز نہ کرنے پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا اور آئندہ انتخابات کیلئے فنڈز کی عدم فراہمی پر سیکرٹری خزانہ کو الیکشن کمیشن طلب کیا گیا۔