لندن (پی اے) لوگوں کی تدفین میں معاونت کرنے والی تنظیم فزل کیئر کے مینجنگ ڈائریکٹر گل اسٹیوارٹ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تدفین کے اخراجات پورے کرنے کیلئے زیادہ امداد دی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ برطانیہ میں50فیصد افراد کسی کی ناگہانی موت کی صورت میں حالات سے نمٹنے کیلئے تیار نہیں ہوتے۔ تنظیم کی جانب سے60ہزار سے زیادہ افراد سے کئے گئے سروے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ کسی کی موت سے متعلق بات کرنا کمرے میں ہاتھی ہونے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے بعد سے پوری قوم سوگواری کے تباہ کن دور میں داخل ہوچکی ہے۔ اس صورت حال میں ہمارے ساتھ تدفین کے ہر مرحلے میں سوگوار خاندان کے قدم بہ قدم ہیں، ہمیں اس مشکل وقت اثرات کا پوری طرح علم ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ضروری ہے کہ سوگوار خاندان کی معاونت کا مناسب انتظام ہونا چاہئے کروز بریومنٹ سپورٹ کی چیف ایگزیکٹو لوسی ہارمر کا کہنا ہے کہ کروز اس نئی ریسرچ کا خیرمقدم کرتی ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے سوگواروں کی معاونت کیلئے کراس پارٹی حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ فی الوقت ہماری خدمات کی پہلے کے مقابلے میں بہت زیادہ ضرورت ہے جب کہ کورونا کی وبا کے دوران عطیات میں کمی کی وجہ سے ہماری استطاعت اور صلاحیتوں میں کمی ہوگئی ہے۔ موجودہ صورت حال میں یہ ضروری ہے کہ تمام پارٹیوں کے ارکان پارلیمنٹ عوام کو درپیش ان مسائل کا ادراک کریں اور لوگوں کی مناسب سپورٹ کو یقینی بنانے کیلئے موثر پلان تیار کریں۔ کوآپریٹو فزل کیئر نے وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کے نام خطوط میں سوگواروں کی مدد کا وعدہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔