اسلام آباد (مہتاب حیدر) مہنگائی کے دباؤ میں کمی کے حوالے سے وزارت خزانہ کی توقع کے برعکس حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر دستخط کے بعد مالیاتی اور بیرونی کھاتوں میں بہتری کی توقع کر رہی ہے۔
تاہم سی پی آئی کی بنیاد پر افراط زر وزارت خزانہ کے تخمینہ سے تجاوز کر گئی اور اب نومبر 2023 کے لئے 26.5 سے 27.5 فیصد اور دسمبر 2023 میں مزید 25.5-26.5 فیصد کے متوقع تخمینے کے مقابلے میں 29.2فیصد رہی۔
وزارت خزانہ نے حال ہی میں جاری اپنے ماہانہ معاشی آؤٹ لک میں کہا کہ توانائی کی قیمتوں میں مسلسل ایڈجسٹمنٹ اور زرمبادلہ مارکیٹ میں نئے بہاؤ کے ساتھ حکومت کی جانب سے مالی سال 2024 کے بجٹ پر عملدرآمد سے مالی اور بیرونی دباؤ کم ہوا ہے۔ مزید برآں افراط زر کا دباؤ کم ہو رہا ہے اور آؤٹ لک بہتر ہوا ہے۔