پاکستان اور پرائم منسٹر الیون کے درمیان 4 روزہ میچ کل سے کینبرا میں شروع ہو گا۔
پاکستان ٹیم چار فاسٹ بولرز ایک اسپنر کے ساتھ میدان میں اترے گی، سرفراز احمد بطور وکٹ کیپر بیٹر فائنل الیون میں شامل ہوں گے۔
کینبرا میں دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹرافی کی رونمائی کی۔ آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانیز کی جانب سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ٹیموں کے اعزاز میں تقریب بھی منعقد کی گئی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز سے قبل فرسٹ کلاس میچ کےلیے ٹیموں کی تیاریاں مکمل ہوگئیں۔
پاکستان اور پرائم منسٹر الیون کینبرا میں مد مقابل ہوں گی، جہاں قومی ٹیم نے بھرپور پریکٹس کی جبکہ دونوں ٹیموں کے کپتان شان مسعود اور نیتھن میک سوینی نے ٹرافی کی رونمائی کی اور تصاویر بنوائیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم چار فاسٹ بولرز میر حمزہ، خرم شہزاد، فہیم اشرف، عامر جمال اور اسپنر ابرار احمد کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
سرفراز احمد وکٹ کیپر بیٹر کے طور پر ٹیم میں شامل ہوں گے جبکہ امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، شان مسعود، بابر اعظم اور سعود شکیل بھی فائنل الیون کا حصہ ہوں گے۔