بیجنگ (اے ایف پی، جنگ نیوز ) چین نے کہا ہے کہ افغان طالبان ہمسایہ ممالک سے تعلقات ٹھیک کریں، چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ افغانستان کی طالبان حکومت کو اپنی حکومت تسلیم کروانے کیلئے سیاست میں اصلاحات متعارف کروانے، سکیورٹی کی صورتحال بہتر کرنے اور ہمسایہ ممالک سے تعلقات ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔ بیجنگ نے باضابطہ طور پر افغانستان کی طالبان حکومت کو تسلیم نہیں کیا ہے، حالانکہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے سفیروں کی میزبانی کرتے ہیں اور سفارتی تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چین ہمیشہ یہ سمجھتا ہے کہ افغانستان کو بین الاقوامی برادری سے خارج نہیں کرنا چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ افغانستان بین الاقوامی برادری کی توقعات پر مزید پورا اترتے ہوئے ایک کھلے اور جامع سیاسی ڈھانچے کو تشکیل دے گا اور اعتدال پسند اور مستحکم ملکی اور خارجہ پالیسی نافذ کرے گا۔وانگ وین بن نے بتایا کہ چین نے کابل سے پختہ عزم کے ساتھ تمام دہشت گرد فورسز کا مقابلہ کرنے، دنیا کے تمام ممالک بالخصوص ہمسایوں کے ساتھ ہم آہنگی سے رہنے اور عالمی برادری کے ساتھ جلد از جلد مل کر چلنے کا مطالبہ کیا۔