اسرائیل کے سابق آرمی چیف گاڈی آئزن کوٹ کا بیٹا گال میر آئزن کوٹ غزہ میں مارا گیا۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ سابق اسرائیلی آرمی چیف کا فوجی بیٹا گال میر شمالی غزہ میں جھڑپ میں مارا گیا، ایک اور جھڑپ میں اسرائیلی میجر یوناٹن ڈیوڈ ڈائیٹش خان یونس میں ہلاک ہوا۔
حماس نے اسرائیلی فوج کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم، ٹینکوں اور فوجیوں پر میزائل اور مارٹر گولوں سے حملے کیے، تین روز کے دوران 79 اسرائیلی فوجی گاڑیاں تباہ کر دیں۔
اسرائیلی فوج نے زمینی آپریشن میں اب تک 87 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔
لبنان سے اسرائیل پر حزب اللّٰہ کے میزائل حملے میں ایک اسرائیلی ہلاک ہوگیا، حزب اللّٰہ حملے پر اسرائیلی وزیراعظم نے بیروت کو غزہ بنانے کی دھمکی دے دی۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فوج نے 24 گھنٹوں میں 350 سے زائد فلسطینی شہید کر دیے۔ جبالیا، خان یونس، المغازی، رفح، بیت لاہیا کے رہائشی علاقوں میں بمباری کی، مسجد کو بھی نشانہ بنایا، بیت لاہیا میں بےگھر فلسطینیوں کی پناہ گاہ اسکول کا محاصرہ کرلیا۔
دو ماہ کے دوران غزہ میں اب تک 17 ہزار 177 افراد شہید اور 46 ہزار زخمی ہوچکےہیں۔