لندن (پی اے) مورگیج کی شرح میں کمی کے باعث مکانات کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ ہو گیا۔ مورگیج فراہم کرنے والی برطانیہ کی سب سے بڑی فرم کے مطابق گزشتہ ماہ دوبارہ مکانات کی قیمتیں بڑھ گئیں اور یہ علامات سامنے آئی ہیں کہ مارکیٹ سرگرمیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ہیلی فیکس کے مطابق نومبر میں قیمتوں میں 0.5 فیصد اضافہ ہوا جو کہ مسلسل دوسری دفعہ اضافہ تھا۔ اس کا کہنا ہے کہ مورگیج منظوری کے حالیہ اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ خریداروں کی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے کیونکہ گھریلو قرضوں کے اخراجات میں کمی ہو گئی ہے، تاہم قیمتیں اب بھی ایک سال پہلے کے مقابلے میں کم ہیں۔ ہیلی فیکس نے کہا ہے کہ مارکیٹ 2024 میں دبائو میں رہے گی۔ فرم کے مطابق پراپرٹی کی قیمتیں گزشہ سال نومبر کے مقابلے میں 1 فیصد کم ہیں، پراپرٹی کی اوسط قیمت 283615 پونڈز ہے۔ ہیلی فیکس کے نتائج اس کے حریف قرض دہندہ ’’نیشن وائیڈ‘‘ کے موقف سے مماثل ہیں، جس نے گزشتہ ہفتہ کہا تھا کہ نومبر میں قیمتیں بڑھ گئی تھیں مگر اب بھی ایک سال قبل سے کم ہیں۔ ہیلی فیکس مورگیجز کے ڈائریکٹر کم کنیئرڈ نے کہا ہے کہ قیمتیں اس سطح سے بہتر ہیں، جس کی گزشتہ سال توقع کی گئی تھی۔ تاہم انہوں نے مزید کہا کہ مکانات کی قیمتیں خریداروں کی طلب میں کسی خاص اضافہ کے بجائے دستیاب جائیدادوں کی کمی کی وجہ سے بڑھی ہیں۔