گھر میں لوگ رہتے ہیں تو انھیں کئی ایک چیزیں بھی چاہئیں ہوتی ہیں تاہم اگر ان چیزوں کو رکھنے کے لیے مناسب اسٹوریج کا انتظام نہ کیا جائے تو گھر بے ترتیب معلوم ہوتا ہے۔ اسی طرح، باورچی خانہ بھی آپ کے گھر کا ایک اہم حصہ ہوتا ہے، جہاں برتنوں اور دیگر سازوسامان کی ریل پیل لگی رہتی ہے۔
باورچی خانہ دراصل آپ کے گھر کا مصروف ترین حصہ ہوتا ہے، جو صبح سے رات گئے تک مختلف بہانوں سے زیرِ استعمال رہتا ہے اور اس مناسبت سے گھر کے اس حصے میں رکھے سامان میں بے ترتیبی بھی آتی ہے، اس بے ترتیبی کو ختم کرنے کے لیے آپ کو باورچی خانہ میں اسٹوریج کی اچھی خاصی جگہ درکار ہوتی ہے، بصورتِ دیگر باہر رکھے ہوئے برتن اور چیزیں اچھا نظارہ نہیں دیتے۔ اس صورتِ حال سے بچنے کےلیے اگر آپ باورچی خانہ تعمیر کررہے ہیں، اس میں وسعت لانے کا ارادہ رکھتے ہیں یا اس کی تزئین وآرائش کا ارادہ رکھتے ہیں تو درج ذیل باتوں کو ضرور مدِنظر رکھا جانا چاہیے۔
اوپن شیلف کا انتخاب
ان باورچی خانوں کے لیے اوپن شیلف ایک اچھا انتخاب ہوسکتے ہیں جو اپنی اعلیٰ معیار کی کراکری یا شاہانہ ڈیزائن کی کراکری کی نمائش کرنا چاہتے ہیں۔ بات سادہ سی ہے کہ آپ یقیناً اپنے عام استعمال کے برتنوں کو اوپن شیلف میں نہیں رکھنا چاہیں گے، ان کے لیے بند شیلف ہی بہترین آپشن رہتا ہے۔
اوپن شیلف آپ کے باورچی خانے میں اسٹوریج کے لئے بہت بڑی جگہ مہیا کرتی ہیں۔ اوپن شیلف کا ایک فائدہ یہ ہے کہ اس سے باورچی خانہ کھُلا کھُلا محسوس ہوتا ہے۔
نچلی الماریاں
کچن کاؤنٹر کے نیچے والا حصہ باورچی خانہ میں اسٹوریج کی بڑی جگہ فراہم کرتا ہے لیکن کئی لوگ اسے مؤثر طور پر استعمال میں نہیں لاپاتے اور اسے گھر کی غیر ضروری چیزوں کو پھینک دینے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ کچھ لوگ اس جگہ پر خوبصورت الماریاں بناکر اس میں کراکری، بڑے برتن اور پکانے کے بڑے کنٹینر رکھتے ہیں جوکہ اس جگہ کا ایک اچھا استعمال ہوسکتا ہے۔ اگر آپ ان الماریوں کو مختلف اشیا رکھنے کے لیے تقسیم کردیں تو یہ جگہ فراہم کرنے والی کشادہ درازوں کی شکل اختیار کر جائیں گی۔
دروازوں میں سامان رکھنا
کچن میں کام والی جگہ کو صاف رکھنے کے لیے استعمال میں آنے والی چھریاں، چمچے، چھوٹے بڑے ڈبے اور دیگر سامان کو محفوظ کرنے کے لئے ایک بڑی الماری کا استعمال کریں۔ ویسے بھی بڑا سامان کچن میں پڑا ہوگا تو زیادہ جگہ گھیرے گا۔
کائونٹر کا استعمال
اپنے کچن کائونٹر کی بالائی جگہ کا استعمال کریں اور اس میں لٹکنے والے ریکس نصب کریں۔ یہ کچن کے برتنوں کو رکھنے کا ایک بہتر طریقہ ہے جسے آپ بھی اپناسکتے ہیں۔ چیزیں منظم ہوں گی تو کھانا پکانا بھی دشوار معلوم نہیں ہوگا۔
سلاخیں یا ہکس
لٹکانے والے سامان کے لیے آ پ دھاتوں سے بنی سلاخیں یا ہُکس نصب کرسکتے ہیں۔ عموماً ان ہکس میں فرائی پین، کٹر، چھریاں اور دیگر برتن لٹکائے جاسکتےہیں۔
عمودی جگہ کا زیادہ فائدہ اٹھائیں
اپنے باورچی خانے میں عمودی جگہ کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لئے اس کے فرش سے چھت تک مختلف یونٹس بنوائیں۔ یہ یونٹس اسٹوریج کے لیے بہت کام آتے ہیں۔ ان یونٹس کو درازوں کی طرح ڈیزائن کرکے ان پر کچن کی تھیم کے مطابق رنگ کیا جاسکتا ہے۔
مسالوں اور بوتلوں کی جگہ
کھانا پکانے کے تیل، سوس، جڑی بوٹیوں اور مسالوں کے ڈبوں کے لئے جگہ بنانا مت بھولیے۔ اس کے لئے ڈبے اور بوتلیں رکھنے والی ایک خصوصی دراز لگوائیں، جس میں خانے ہونے کی وجہ سے سب کچھ سیدھا رہے گا اور چیزیں نکالنا بھی آسان معلوم ہوگا۔
تختوں کا استعمال
باورچی خانے میں لکڑی کے استعمال کا ایک اور طریقہ تختوں کا استعمال ہے، یہ پرانی کیبنٹس کی جگہ لے سکتے ہیں۔ ایسا کرنا شاید تھوڑا پرانا لگے لیکن باورچی خانے کی سجاوٹ اور ان لوگوں کے لئے مثالی ہے جو باورچی خانے کو ایک مختلف انداز دینا چاہتے ہیں۔
کام میں سہولت
اگر آپ کا باورچی خانہ بڑا نہیں ہے یا اس میں اسٹوریج کی بہت زیادہ اضافی جگہ دستیا ب نہیں ہے تو اس میں سہولت سے کام کرنے کے مختلف آپشن پر غور کیا جاسکتا ہے۔ مثال کے طور پر برتن مانجھنے کی اشیا کی ٹرے کیبنٹ کے دروازے کے پیچھے لگائی جاسکتی ہے یا پھر چھوٹے اسپنج اور مانجھنے والی بڑی اشیا کو ہک پر لگی ٹرے میں رکھا جاسکتا ہے یا آپ اسے سنک کی سائیڈ پر بھی رکھ سکتے ہیں۔