• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کرافٹ فیسٹیول کا مقصد فوت، غیر ہنرمندوں اور NGOs کو اسٹالز دیئے گئے

کراچی(مطلوب حسین /اسٹاف رپورٹر) سندھ کرافٹ فیسٹیول میں متعدد اسٹالز ہنر مندوں کے بجائے این جی اوز ، مڈل مین اور شہر کے پوش علاقوں میں کاروبار کرنے والے افراد کو نوازے گئے،غیر ہنر مندوں کو سندھ کرافٹ فیسٹیول میں مفت اسٹالز کی فراہمی ان فیسٹیولز کے انعقاد کے اصل مقصد کو فوت کرتے ہوئے محکمہ ثقافت کے افسران پر سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ ثقافت حکومت سندھ کے زیر انتظام پورٹ گرینڈ کراچی میں منعقدہ 3روزہ سندھ کرافٹ فیسٹیول اتوار کو اختتام پذیر ہوگیا،محکمہ ثقافت سندھ کے ہنر مندوں کی تخلیق کردہ اشیاء کی نمائش کے لئے ہر سال کراچی سمیت سندھ بھر میں فیسٹیولز کا انعقادکرتی ہے جس پر محکمہ ثقافت کے کروڑوں روپے کی لاگت آتی ہے،محکمہ ثقافت کی جانب سے ان فیسٹیولز کے انعقاد کا مقصد ان آرٹسٹوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جو آج کے اس جدید صنعتی دور میں بھی سندھ کی روایات کو زندہ رکھے ہوئے ہیں اور سندھی تہذیب کے شاہکاروں کو اپنے ہاتھوں سے تیار کرکےلوگوں میں متعارف کراتے ہیں ،اس سلسلے میں محکمہ ثقافت فیسٹیول کے انعقاد کی تاریخ کے اعلان کے ساتھ ایسے ہنر مندوں کو ان فیسٹیولز میں مفت اسٹالز کی فراہمی کے لئےان سے درخواستیں طلب کرکے جانچ پڑتال کے بعد انہیں مفت اسٹالز کے علاوہ شہر میں انکی رہائش اور خوراک کا بھی انتظام کرتا ہے،8 دسمبر جمعہ کو وزیر اعلیٰ سندھ سید مقبول باقر نے وزیر ثقافت سندھ ڈاکٹر جنید شاہ کے ہمراہ پورٹ گرینڈ کراچی میں منعقدہ سندھ کرافٹ فیسٹیول کا افتتاح کیا جس میں مختلف اشیاء کےلگے درجنوں اسٹالزمیں سے متعدد ایسے اسٹالز بھی دیکھنے میں آئے جو ہنر مندوں کے بجائے مختلف این جی اوز اور مڈل مین اور شہر کے پوش علاقوں میں کاروبار کرنے والے افراد کو دیئے گئے تھے،سندھ کرافٹ فیسٹیول میں حیدر آباد سے آئے انڈس فلوری کلچر(این جی او)، ہالا سےا ٓئے کھدراور سوشی کے کپڑوں کے ہول سیل کام کرنے والے محمد اسلم،حیدر آباد کی رابیہ بھٹو،کوئٹہ کی زاہدہ بلوچ کے علاوہ بہت سے ایسے اسٹالز تھے جو ہنر مند نہیں تھے بلکہ فیسٹیول میں شریک ہوکر ہنر مندوں کا ہنر بیچ کر خود لاکھوں روپے کماتے ہیں اور ہنر مندوں کو کوڑیوں کے بھاؤ اس کی اُجرت ملتی ہے جومحکمہ ثقافت کی جانب سےان فیسٹیولز کے انعقاد کے اصل مقصد کو فوت کردیتا ہے، سندھ کرافٹ فیسٹیول میں ایک اسٹال اویس گل ہاؤس ہولڈ کا بھی شامل تھاجس کاکلفٹن کے ایک معروف شاپنگ مال میں شوروم ہے ،مذکورہ غیر ہنر مندوں کو سندھ کرافٹ فیسٹیول میں مفت اسٹالز کی فراہمی محکمہ ثقافت کے افسران پر سوالات کھڑے کر دیئے ہیں ،اس سلسلے میں موقف جاننے کے لئے ڈائریکٹر کلچر حبیب میمن سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ میں اپنے اسسٹنٹ سے معلوم کرتا ہوں۔
اہم خبریں سے مزید