اسلام آباد (طاہر خلیل) قومی اسمبلی سپیکر راہداری میں نوابزادہ نصراللّٰہ خان کا تاریخی حقہ اور روایتی ترک ٹوپی ایک بڑے شو کیس میں سجا دی گئی ہیں،پارلیمنٹ ہائوس میوزیم میں قومی رہنمائوں کے ذاتی استعمال کی اشیاء عوام کے ملاخطے کیلئے رکھی جائیں گی ۔ اظہار رائے جمہوریت اور عوام کے حق حکمرانی کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پارلیمنٹ ہائوس میوزیم میں بانیان دستور 1973 اور قومی رہنمائوں کے ذاتی استعمال کی اشیاء عوام کے ملاخطے کیلئے رکھی جائیں گی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ذوالفقار علی بھٹو، محترمہ بے نظیر بھٹو، مولانا مفتی محمود، عبدالولی خان، غوث بخش بزنجو، قاضی حسین احمد سمیت دیگر رہنمائوں کے لواحقین کو خطوط بھیجے ہیں جس میں کہا گیا کہ قومی اسمبلی میوزیم کے مشاہیر کارنر میں قومی رہنمائوں کے ذاتی استعمال کی اشیاء رکھی جائیں گی اس لئے جلد سے جلد اشیاء پارلیمنٹ کے حوالے کی جائیں۔