پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حریم فاروق نے بالی ووڈ کی چھیاں چھیاں گرل ملائیکا اروڑا کا انداز اپنا لیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر واڈروب اسٹائلسٹ محمد علی شہزاد کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جسے اداکارہ نے بھی ری شیئر کیا۔
مختصر وائرل ویڈیو میں حریم فاروق ملائیکا اروڑا کے انداز میں چلتے ہوئے نظر آرہی ہیں۔
وائرل ویڈیو میں حریم فاروق کو بھارتی ڈانسر کے بولڈ انداز کی طرح چلتے ہوئے جبکہ فوٹوگرافرز کی جانب سے انہیں ملائیکا کے نام سے پکار کر روکنے کی کوشش بھی کی جارہی ہے۔
حریم فاروق کی بولڈ انداز میں چلنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی جس پر صارفین ملے جلے تاثرات پیش کر رہے ہیں، بعض ان کی تعریف کر رہے ہیں تو بیشتر انہیں عرفی جاوید و راکھی ساونت سے ملا رہے ہیں۔
دوسری جانب اداکارہ نے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کو ری شیئرکرتے ہوئے اپنے ردعمل کا اظہار بھی کیا۔
اداکارہ نے ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں ہنستے ہوئے لکھا کہ ابھی کے لیے ایک جھلک ہی کافی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے ہنسنے والے ایموجی کا بھی اضافہ کیا۔
یاد رہے اس سے قبل اداکارہ و ماڈل منہ الیاس نے بھی ملائیکا اروڑا کے بولڈ انداز کو اپنانے کی کوشش کی تھی جس پرانہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔